بلوچستان حکومت ملازمین سے فوراً مذاکرات شروع کرے، یعقوب ناصر
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2026 GMT
اپنے بیان میں (ن) لیگ کے رہنماء سردار یعقوب ناصر نے کہا کہ گرفتاری، طاقت کا استعمال آمروں کا شیوا ہے۔ صوبائی حکومت سرکاری ملازمین سے مذاکرات شروع کرے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کو فوری طور پر ملازمین سے مذاکرات شروع کرنے چاہئے، گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں آمروں کا شیوا ہے۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام اور ملازمین کے حقوق کی ہمیشہ سے حامی رہی ہے اور تحفظ کی ذمہ داری بھی نبھائی ہے۔ یہ ہمارے منشور کے دو اہم حصے ہیں۔ بلوچستان حکومت وفاق کے طرز پر اپنے ملازمین کو وعدے کے مطابق ڈی آر اے الاؤنس فراہم کرے اور انتقامی کارروائی سے باز رہے۔ ملازمین ریاست کے تمام گورننس کے اداروں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے بغیر حکومتی معاملات ٹھپ ہوسکتے ہیں۔ جس سے عوام کا بڑا نقصان ہوتا ہے۔ اس لیے صوبائی حکومت وقت ضائع کئے بغیر بلوچستان گرینڈ الائنس کی قیادت سے بامقصد بات چیت کرے، تاکہ خوش اسلوبی سے معاملات کو طے کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جہاں پر عوام اور ملازم طبقے کے مسائل جنم لیتے ہیں تو عوام کے منتخب نمائندے اور حکومت کوہی کردار ادا کرنا پڑتا ہے۔ اسی لیے عوام ووٹ ہمیں دیتے ہیں کہ وہ حکومت میں پہنچ کر انکے مسائل کو حل کریں اور امن و ترقی دیں۔ یہی جمہوریت کا حسن ہے۔ گرفتاریاں، لاٹھی چارج اور انتقامی کارروائیاں ایک آمرانہ حکومت کا کام تو ہوسکتا ہے، کسی جمہوری حکومت کا شیوا ہرگز نہیں ہوسکتا۔ میرا تعاون ہمیشہ محنت کش طبقے کے ساتھ رہے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: نے کہا
پڑھیں:
طوفانی سیلاب سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، حکومت فوری اقدامات اٹھائے، کاظم میثم
ممبر گلگت بلتستان اسمبلی نے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور متاثرین سیلاب کو ریلیف دینے اور بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات اٹھائیں۔ اسلام ٹائمز۔ سابق اپوزیشن لیڈر و ممبر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پورے گلگت بلتستان میں طوفانی سیلاب اور دریائی کٹاو سے عوام شدید مشکلات کے شکار ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت کو فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ریلیف اور بحالی کے لیے کام تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ سکردو میں دریائی کٹاو کے سبب سترانگلونگما کواردو اور حوطو رنگاہ کے عوام شدید مشکلات کے شکار ہیں۔ زرعی اراضی اور درخت دریا برد ہو رہے ہیں لیکن تاحال کوئی ہنگامی بنیادوں پر بحالی کے لیے کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور جی بی ڈی ایم اے کو کواردو حوطو رنگاہ اور رزسنا رنگاہ کے دریائی کٹاو روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانا چاہیے۔ گزشتہ مہینے آنے والے شگریخورد میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے بھی تاحال اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔ جس کے سبب عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ کاظم میثم نے مزید کہا کہ طوفانی سیلاب کے سبب تقریبا تمام اضلاع میں تباہ کاریاں ہوئی ہیں اور شاہراہوں کی بندش کے سبب بھی مشکلات کے شکار ہیں۔ صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور متاثرین سیلاب کو ریلیف دینے اور بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات اٹھائیں۔