کراچی میں منشیات سپلائی کا آن لائن نیٹ ورک پکڑا گیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2026 GMT
ملزمان سوشل ایپلی کیشن کے ذریعے آن لائن منشیات کا آرڈر بھی لیتے تھے، اسی طرح کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ کو بھی منشیات فروخت کی جاتی تھی۔ اسلام ٹائمز۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور سی آئی اے ٹاسک فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر کراچی میں آن لائن منشیات کی سپلائی کا نیٹ ورک چلانے والے گینگ کے 3 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان نے بتایا کہ ملزمان گل محمد، یاسر اور وسیم کو ڈیفنس فیز 5 خیابان بحریہ سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی انتہائی مہلک 300 گرام ویڈ اور ملزمان کے زیر استعمال آلٹو کار برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئی ہے، ملزمان سے برآمد کی جانے والی منشیات کی قیمت 25 لاکھ روپے سے زائد ہے ۔
گرفتار ملزمان شہر کے پوش علاقوں میں آن لائن نیٹ ورک استعمال کرکے منشیات ڈیلیور کرتے تھے۔ ملزمان سوشل ایپلی کیشن کے ذریعے آن لائن منشیات کا آرڈر بھی لیتے تھے، اسی طرح کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ کو بھی منشیات فروخت کی جاتی تھی۔ ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: آن لائن
پڑھیں:
یورپی یونین کا گوگل پر 89 کروڑ یورو جرمانہ، سرچ انجن پر اجارہ داری کے غلط استعمال کا الزام
یورپی یونین نے سرچ انجن کے شعبے میں مبینہ اجارہ داری کا غلط استعمال کرنے پر گوگل کے خلاف بڑا اقدام کرتے ہوئے کمپنی پر 89 کروڑ یورو (تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر)کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ گوگل نے اپنی بالادست پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حریف کمپنیوں کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار کیا اور اپنی مختلف سروسز کو ناجائز برتری فراہم کی۔
یورپی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گوگل نے سرچ انجن میں اپنی مضبوط پوزیشن استعمال کرتے ہوئے شاپنگ، ٹریول، گیمز اور دیگر سروسز کو سرچ نتائج میں نمایاں جگہ دی، جبکہ حریف کمپنیوں کی سروسز کو نیچے دکھایا گیا، جس سے منصفانہ مسابقت متاثر ہوئی۔
کمیشن نے کہا کہ یہ طرزِ عمل ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ (Digital Markets Act) کی خلاف ورزی ہے، جس کے تحت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنی سروسز کے حق میں امتیازی یا جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں۔
یورپی کمیشن نے گوگل پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ کمپنی نے گوگل پلے اسٹور پر ایپ ڈویلپرز کو صارفین کو متبادل ادائیگی کے طریقوں سے آگاہ کرنے سے روکا، تاکہ گوگل کی سروس فیس برقرار رہے۔ کمیشن کے مطابق یہ عمل بھی ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، جس کا مقصد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی اجارہ داری کو روکنا ہے۔
کمیشن نے گوگل کو ہدایت کی ہے کہ وہ 60 دن کے اندر فیصلے پر عملدرآمد کرے، بصورت دیگر کمپنی کو مزید جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب گوگل نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی کمیشن کے اس اقدام سے یورپی صارفین اور کاروباری اداروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ یورپی یونین نے گوگل کے خلاف کارروائی کی ہو۔ 2018 میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم میں اجارہ داری کے الزام پر گوگل پر 4.7 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا، جبکہ 2017 میں سرچ انجن کے شعبے میں مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی پر کمپنی کو 2.8 ارب ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعد ازاں ان مقدمات میں گوگل کی اپیلیں بھی مسترد کر دی گئی تھیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تازہ کارروائی سے یورپی یونین اور امریکا کے درمیان تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، کیونکہ امریکی انتظامیہ اس سے قبل یورپی یونین کی بعض تجارتی اور ڈیجیٹل پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔