موٹر وے پر ٹرک کے پچھلے ٹائروں میں اچانک آگ لگ گئی، بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2026 GMT
لاہور:
لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے ایم-2 ساؤتھ پر خانقاہ ڈوگراں کے قریب ایک ٹرک کے پچھلے ٹائروں میں آگ لگ گئی تاہم موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث کسی بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہو گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے پولیس کو اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور پولیس اہلکار بروقت موقع پر پہنچ گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی آمد سے قبل ہی موٹروے پولیس نے آگ پر قابو پا لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرک کے پہیے جام ہونے کے باعث ٹائروں میں آگ لگی جس سے ٹرک جزوی طور پر متاثر ہوا خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کے باعث قیمتی جان و مال دونوں محفوظ رہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: موٹروے پولیس
پڑھیں:
مردان: گھر سے خاتون سمیت 3 افراد کی لاشیں برآمد
مردان: خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے شیخ ملتون سیکٹر بی میں ایک گھر سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی میڈیکل ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور پولیس کی موجودگی میں کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق تینوں لاشوں کو قانونی کارروائی اور ضروری معائنے کے لیے مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت جلال، زوجہ جلال اور مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں، جبکہ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور تفتیشی عمل مکمل ہونے کے بعد واقعے کی اصل نوعیت واضح ہو سکے گی۔
پولیس اور متعلقہ ادارے مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ اہلِ علاقہ میں واقعے کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔