ٹی 20 ورلڈ کپ: پی سی بی نے ابتدائی نام آئی سی سی کو بھجوا دیئے
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2026 GMT
اکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ابتدائی نام آئی سی سی کو بھجوا دیئے۔ ذرائع کے مطابق بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پی سی بی کی جانب سے ابتدائی نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھجوائے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 31 جنوری تک آئی سی سی کی اجازت کے بغیر پی سی بی سکواڈ میں رد و بدل کر سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب اور فخر زمان شامل ہیں، شاداب خان، بابر اعظم، فہیم اشرف، محمد نواز، عثمان خان اور ابرار احمد کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، سلمان مرزا اور خواجہ نافع بھی ممکنہ سکواڈ کا حصہ ہیں، عبدالصمد، وسیم جونیئر اور عثمان طارق ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔ سری لنکا کے ساتھ ٹی 20 سیریز کھیلنے کے بعد قومی ٹیم آج وطن واپس پہنچے گی جبکہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سمیت غیر ملکی سٹاف بھی لاہور آئے گا، کپتان سلمان آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی مشاورت سے حتمی سکواڈ کا انتخاب ہوگا۔ پی سی بی سربراہ محسن نقوی کی منظوری کے بعد ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان ہوگا، میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلئے تربیتی کیمپ 15 جنوری سے لگایا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
قومی انڈر-18 ٹیم نے ہاکی فائیو اے سائیڈ ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرلیا
پاکستان کی انڈر-18 ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصر میں منعقد ہونے والے ہاکی فائیو اے سائیڈ ورلڈ کپ کے لیے باقاعدہ کوالیفائی کرلیا ہے۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھی جگہ بنالی ہے جہاں اس کا مقابلہ 25 تاریخ کو روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
قومی جونیئر ٹیم نے پورے ایونٹ کے دوران بہترین ڈسپلن، جارحانہ کھیل اور بہترین حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا۔
پورے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی اور ورلڈکپ کا ٹکٹ حاصل کرنا پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان انڈر-18 ہاکی ٹیم کی یہ کامیابی قوم کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے جس محنت اور جذبے کے ساتھ میدان میں گرین شرٹس کی نمائندگی کی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ مصر ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنا ہماری جونیئر ہاکی ڈیویلپمنٹ پالیسی کی بڑی کامیابی ہے۔
ترجمان پی ایچ ایف نے قوم سے اپیل ہے کہ 25 تاریخ کو بھارت کے خلاف فائنل معرکے کے لیے ٹیم کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی، ڈیویلپمنٹ کمیٹی، چیف سلیکٹر اور کوچنگ اسٹاف نے تمام کھلاڑیوں اور قوم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم فائنل بھی جیت کر ملک کا نام روشن کرے گی۔