اسلام آباد: شادی کے گھر میں گیس لیکج دھماکے کی تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ اجلاس
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2026 GMT
فوٹو: آئی این پی
اسلام آباد میں گیس لیکیج دھماکے کی انکوائری کمیٹی کا وزارت داخلہ میں اجلاس ہوا، جس میں دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نذر بزدار کی زیر صدارت اجلاس جس میں پرانی گیس پائپ لائنز اور حفاظتی ضوابط پر ضلعی انتظامیہ کے نمائندے نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں حفاظتی اقدامات اور آئندہ کی سفارشات پر بھی غور کیا گیا، کمیٹی 48 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی۔
ذرئع کے مطابق حادثے میں 8 افراد جان بحق ہوئے، 2 زخمیوں کو سی ڈی اے اسپتال جبکہ 6 کو پمز منتقل کیا گیا، زیادہ تر لوگ ملبے تلے دبنے اور جھلسنے سے فوت ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس لیکیج دھماکے کی ابتدائی تحقیقات اور جائے وقوعہ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، ایمرجنسی سروس کے نمائندے نے ریسکیو آپریشن پر انکوائری کمیٹی کو آگاہ کیا، سیکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے سیکیورٹی اینگل سے صورتحال پر بریفنگ دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی والے گھر میں گیس کے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 6 جبکہ مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق ہوئے۔
حادثے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ نو بیاہتا جوڑے سمیت 6 افراد کی آخری رسومات گزشتہ روز ادا کی گئی تھیں۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے 3 گھروں کی چھتیں گر گئیں جبکہ دو ملحقہ گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کا ایک اور کیس رپورٹ، 18 ماہ کے بچے میں بیماری کی تصدیق
فائل فوٹو۔ولیکا اسپتال کراچی میں ایچ آئی وی کا ایک اور نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ اسپتال حکام کے مطابق 18 ماہ کے بچے میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق ایچ آئی وی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 95 ہوگئی ہے۔
بچے کے والد کے مطابق 18 ماہ کا عبد الصمد دسمبر 2025 میں ولیکا اسپتال میں زیر علاج تھا، مسلسل طبیعت خراب رہنے پر بچے کا ایچ آئی وی کا ٹیسٹ کروایا۔
والد کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کروانے پر بچے میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی۔ میرے 5 بچے ہیں، باقی بچوں کے بھی ٹیسٹ کروائیں گے۔
اسپتال حکام کے مطابق ایچ آئی وی سے اب تک 9 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔