راجن پور پولیس کی کچہ کریمنلز کیخلاف بڑی کامیابی، 11 انتہائی مطلوب ڈاکو سرنڈر
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2026 GMT
راجن پور پولیس نے کچہ کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔
پولیس نے کچہ عمرانی، سکھانی اور کچہ کراچی کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرونز کے ذریعے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں انتہائی مطلوب عمرانی گینگ کے 11 خطرناک ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔ پولیس نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں اور بنکرز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جبکہ سرنڈر کرنے والے ملزمان نے بھاری اسلحہ سمیت اپنے ہتھیار پولیس کے حوالے کر دیے۔
ڈی پی او راجن پور محمد عمران کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو اغوا، قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ملزمان کو قانون کے مطابق کارروائی کے بعد قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔
ڈی پی او کے مطابق علاقے میں اب بھی پولیس اور باقی ماندہ ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جبکہ دیگر جرائم پیشہ عناصر کو فوری طور پر گرفتاری دینے یا سخت آپریشن کا سامنا کرنے کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک ڈاکوؤں کے سرنڈر کرنے پر راجن پور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ کچہ کے علاقوں کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار 3 ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ سپیشل انویسٹی گیشن (ایس آئی ایو) نے دعویٰ کیا کہ گلشنِ معمار، عمر بروہی گوٹھ میں گرفتار ڈاکوؤں کی نشاندہی پر ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو ملزموں نے فائرنگ کردی جس سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔ ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ 13 جولائی کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں بنک کے باہر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان ڈاکٹر آکاش جاں بحق ہوگیا تھا جب کہ ملزم بنک سے نکالے گئے 50 لاکھ روپے میں سے 25 لاکھ لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔