اٹھارہویں ترمیم پر تنقید کے لیے گل پلازہ آگ کو دانستہ بہانہ بنایا جا رہا ہے، رہنما پیپلز پارٹی
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
اسلام آباد:پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر نوید قمر نے کہا ہے کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کو نشانہ بنانے کے لیے کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کو دانستہ طور پر بہانہ بنایا جا رہا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتۂ اعتراض پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ ایک افسوسناک واقعے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر کے صوبائی خودمختاری پر حملہ کیا جا رہا ہے جو نہایت قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت عمل ہے۔
نوید قمر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے اٹھارہویں ترمیم سے متعلق دیے گئے بیانات کو پیپلز پارٹی محض ذاتی رائے قرار نہیں دیتی بلکہ اسے حکومتی پالیسی کا عکاس سمجھتی ہے، جب وفاقی کابینہ کے اہم ارکان اس نوعیت کے بیانات دیتے ہیں تو اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ حکومت کے بعض حلقے منظم انداز میں اٹھارہویں ترمیم کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر ایک وفاقی وزیر نے آگ کے واقعے کی آڑ میں اٹھارہویں ترمیم پر سوالات اٹھائے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اصل مسئلے یعنی انتظامی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کراچی میں آگ لگنے جیسے واقعات ناقص عملدرآمد، کمزور نگرانی اور انتظامی غفلت کا نتیجہ ہوتے ہیں، نہ کہ کسی آئینی ترمیم کا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پاکستان ایک وفاقی ریاست ہے اور اس کی بنیاد صوبائی خودمختاری پر رکھی گئی ہے، مضبوط پاکستان کی تشکیل مضبوط صوبوں کے بغیر ممکن نہیں، اور اٹھارہویں ترمیم اسی وفاقی ڈھانچے کو مستحکم کرتی ہے۔ اس ترمیم پر حملہ دراصل وفاقی نظام کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، جسے پیپلز پارٹی کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔
نوید قمر نے مزید کہا کہ برسوں تک قوم کو ایسا نصاب پڑھایا گیا جس میں تاریخ کو مسخ کیا گیا اور جھوٹ کو سچ بنا کر پیش کیا گیا، جس کے منفی اثرات آج بھی معاشرے میں محسوس کیے جا سکتے ہیں،تاریخ سے سبق سیکھنے کے بجائے اسے اپنی مرضی کے مطابق بدلنے کی کوششیں قومی وحدت اور فکری ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
آخر میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ہم اب بھی ساٹھ اور ستر کی دہائی کی سیاست سے باہر نہیں نکل سکے؟ اگر محض سیاسی مفادات کے لیے ملک کے مستقبل کو داؤ پر لگایا گیا تو اس کے نتائج نہایت خطرناک ہوں گے، اٹھارہویں ترمیم پر کسی بھی قسم کا حملہ دراصل پاکستان کے وفاقی ڈھانچے پر حملہ ہے، جس کے خلاف پیپلز پارٹی ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: اٹھارہویں ترمیم پیپلز پارٹی نوید قمر نے نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔