جاوید بٹ قتل کیس میں اہم پیشرفت، امیر فتح ٹیپو کی عبوری ضمانت کنفرم
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2026 GMT
لاہور ہائیکورٹ میں طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کیس میں نامزد ملزم امیر فتح ٹیپو کی عبوری ضمانت سے متعلق اہم پیشرفت، عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض کنفرم کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی، سماعت کے دوران ملزم امیر فتح ٹیپو اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوا، ملزم کے وکیل عابد ساقی نے مؤقف اختیار کیا کہ 12 دسمبر 2024 کو عدم پیروی کی بنیاد پر ملزم کی ضمانت خارج کی گئی تھی جبکہ درخواست گزار کا واقعے میں کوئی کردار نہیں ہے۔وکیل کے مطابق مدعی کی والدہ کا میڈیکل وقوعہ کے پانچ گھنٹے بعد کروایا گیا اور ایف آئی آر میں نامزد ہونے کے باوجود مقتول کی بیوہ ملزم کا نام ڈاکٹر کو نہیں بتا سکیں، ہمراہی ملزم قیصر سہیل کی درخواست ضمانت راضی نامے کی بنیاد پر منظور ہو چکی ہے جبکہ درخواست گزار کے بھائی اور ہمراہی ملزم امیر مصعب کی ضمانت بھی عدالت سے منظور ہو چکی ہے، لہٰذا امیر فتح ٹیپو کی عبوری ضمانت کنفرم کی جائے۔دوران سماعت مقتول جاوید بٹ کی بیوہ کی جانب سے وکیل پرویز عنایت ملک نے وکالت نامہ جمع کروایا، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر کے اندراج کے روز ہی بیوہ کا بیان مجسٹریٹ کے سامنے قلمبند ہوا تھا، تفتیشی افسر ڈی ایس پی نے ٹرائل کورٹ میں کہا کہ ملزم کی گرفتاری ضروری درکار ہے اور ملزم کے خلاف شواہد موجود ہیں، اس لیے درخواست ضمانت خارج کر کے ملزم کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔دوران سماعت تفتیشی افسر ڈی ایس پی قمر عباس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ امیر فتح ٹیپو واقعے سے حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر نہیں آتا، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی عبوری ضمانت پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض کنفرم کرنے کا حکم دے دیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
مانچسٹر، پاکستانی قونصل خانہ کے اوقات میں اضافہ
—تصویر بشکریہ سوشل میڈیاقونصلیٹ جنرل آف پاکستان مانچسٹر نے پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے سرکاری اوقات میں اضافہ کر دیا ہے۔
ہائی کمشنر آف پاکستان ٹیپو عثمان کی ہدایت پر اب قونصل خانہ کمیونٹی خدمات کے لئے روزانہ صبح 8:00 بجے کام کا آغاز کرے گا۔
قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے اوقات کار سے کمیونٹی کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی، جبکہ روزانہ اپوائنٹمنٹ کی تعداد بھی بڑھا دی جائے گی۔
تمام درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ قونصل خانے کی آن لائن اپوائنٹمنٹ پورٹل کے ذریعے وقت لینا ہوگا۔
یہ اپوائنٹمنٹ ہر ہفتہ کے روز صبح 10:00 بجے جاری کی جائیں گی۔درخواست گزار اپوائنٹمنٹ بک کرتے وقت اپنی ذاتی معلومات استعمال کریں اور مقررہ وقت پر پہنچیں۔
30 منٹ سے زیادہ تاخیر سے آنے والے درخواست گزاروں کو نئی اپوائنٹمنٹ لینا ہوگی۔
قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے کہا کہ یہ اقدامات کمیونٹی کو مؤثر، شفاف اور بہتر خدمات فراہم کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔