امریکا میں شدید سرمائی طوفان، تقریباً 10 ہزار پروازیں منسوخ، لاکھوں افراد متاثر
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2026 GMT
امریکا کے بڑے حصے میں شدید سرمائی طوفان کے باعث تقریباً 10 ہزار پروازیں منسوخ کردی گئیں، جبکہ برف، ژالہ باری اور خطرناک حد تک کم درجہ حرارت نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ طوفان کے نتیجے میں بجلی کی طویل بندش، سڑکوں پر شدید پھسلن اور سفری نظام درہم برہم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شدید برفانی طوفان: امریکا میں ہزاروں پروازیں منسوخ، زمینی سفر بھی درہم برہم
امریکا کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق نیو میکسیکو سے نیو انگلینڈ تک تقریباً 14 کروڑ افراد، جو امریکا کی 40 فیصد سے زائد آبادی بنتے ہیں، سرمائی طوفان کی وارننگ کی زد میں ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مشرقی ٹیکساس سے نارتھ کیرولائنا تک شدید برفباری اور تباہ کن برفانی پٹی کی پیشگوئی کی ہے۔
ٹیکساس ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن نے ڈیلاس کے نواحی علاقوں میں برف سے ڈھکی شاہراہوں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی۔ محکمے کی جانب سے کہا گیا کہ ’یہ ہو رہا ہے، ہم واقعی چاہتے ہیں کہ لوگ گھروں میں رہیں اور اس طوفان کے دوران غیر ضروری سفر نہ کریں‘۔
مسسی سیپی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق ریاست کے ایک تہائی اضلاع میں سڑکوں اور پلوں پر برف جم چکی ہے، جبکہ آرکنساس کے دارالحکومت لٹل راک میں بھی ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ برفانی علاقوں میں ہونے والا نقصان بعض مقامات پر سمندری طوفان کے برابر ہو سکتا ہے۔
نارتھ ٹیکساس میں رات گئے شروع ہونے والی برف اور ژالہ باری ہفتے کے روز ریاست کے وسطی علاقوں کی جانب بڑھ گئی، جس کے باعث حکام نے ہیوسٹن میں پیر کے روز تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی امریکا میں طوفانی بگولوں کے نتیجے میں 34 افراد ہلاک
نیشنل ویدر سروس کے مطابق ’انتہائی سرد درجہ حرارت اور خطرناک ہوائیں پیر تک برقرار رہیں گی‘، جبکہ آئندہ چند راتوں میں درجہ حرارت سنگل ڈیجٹس میں اور ہوا کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت منفی 12 فارن ہائیٹ تک جا سکتا ہے۔
ہفتے کی صبح تک ملک بھر میں 95 ہزار سے زائد بجلی کے تعطل رپورٹ ہوئے، جن میں سے 36 ہزار ٹیکساس اور 10 ہزار ورجینیا میں تھے، جبکہ اوکلاہوما میں برف اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق ہفتے کی صبح 10 بجے تک 3 ہزار 400 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ اتوار کے لیے 6 ہزار 200 پروازیں پہلے ہی منسوخ کر دی گئیں۔ کئی مسافروں کو متبادل راستوں سے سفر کرنا پڑا۔ ایک مسافر نے کہا کہ ’اگر آپ سردیوں میں سفر کرتے ہیں تو ایسا ہو جاتا ہے‘۔
طوفان کے جنوب سے شمال کی جانب بڑھنے کے بعد شمال مشرقی ریاستوں میں واشنگٹن، نیویارک اور بوسٹن تک ایک فٹ تک برف پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اپ اسٹیٹ نیویارک میں درجہ حرارت منفی 29 فارن ہائیٹ تک ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں طوفان سے بڑی تباہی، 23 افراد ہلاک، متعدد عمارتیں اور گھر تباہ
ادھر وفاقی حکومت نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تقریباً 30 سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے۔ فیما کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 70 لاکھ سے زائد کھانے، 6 لاکھ کمبل اور 300 جنریٹر پہلے ہی تعینات کیے جا چکے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’وفاقی حکومت ریاستی اور مقامی حکام کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور فیما ہر طرح سے تیار ہے‘۔
متعدد ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ یا شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ طوفان کے بعد بھی حالات معمول پر آنے میں وقت لگنے کا خدشہ ہے کیونکہ برف بجلی کی لائنوں اور درختوں پر اضافی بوجھ ڈالتی ہے، جو تیز ہواؤں میں ٹوٹنے کا سبب بن سکتی ہے۔
طوفان کے باعث گرجا گھروں کی عبادات آن لائن منتقل کر دی گئیں، میوزک شوز بغیر شائقین کے منعقد ہوئے، جبکہ کئی ریاستوں میں اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں بند کر دی گئیں، بعض علاقوں میں تہواروں اور تقریبات کو بھی منسوخ یا مؤخر کر دیا گیا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news امریکا بجلی برفباری پروازیں منسوخ ٹریفک سرمائی طوفان.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: امریکا بجلی پروازیں منسوخ ٹریفک سرمائی طوفان پروازیں منسوخ سرمائی طوفان امریکا میں علاقوں میں طوفان کے کے مطابق کے باعث
پڑھیں:
سونے کی قیمت میں نمایاں کمی
عالمی اور مقامی مارکیٹس میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا ایک ہزار 800 روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 35 ہزار 636 روپے ہوگئی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 543 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 487 روپے مقرر کی گئی ہے۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 18 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 96 ڈالر پر آگیا۔