بہاولپور میں انسانیت سوز واقعہ، زمیندار نے فصل میں گھسنے پر بھینس کی ٹانگیں کاٹ دیں
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2026 GMT
بہاولپور:پنجاب کے شہر بہاولپور میں انتہائی افسوسناک اور انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تھانا نوشہرہ جدید کی حدود میں ایک زمیندار نے اپنی فصل میں داخل ہونے پر ایک بھینس کو بے رحمی کا نشانہ بناتے ہوئے کلہاڑی کے وار سے اس کی ٹانگیں کاٹ دیں۔ واقعے نے نہ صرف علاقے کے لوگوں کو شدید غم و غصے میں مبتلا کر دیا بلکہ معاشرے میں جانوروں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب زمیندار کی فصل میں ایک بھینس داخل ہو گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق زمیندار طیش میں آ گیا اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے بے زبان جانور پر تشدد کیا، جس کے نتیجے میں بھینس شدید زخمی ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جانور پر ظلم کے اس واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ شہریوں نے جانوروں پر اس قسم کے مظالم کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو عبرتناک سزا دی جائے، فصل کو نقصان پہنچنے کی صورت میں قانون موجود ہے لیکن کسی بھی صورت میں کسی بے زبان جانور کو اس طرح تشدد کا نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بھینس کو ویٹرنری ڈاکٹرز کی نگرانی میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی قسم کے تشدد یا غیر قانونی عمل کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
کوئٹہ، سرکاری دفاتر میں ایجنٹس کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 14 افراد گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی ای نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔