کراچی میں رینجرز اور ایس آئی یو کی بڑی کارروائی، جمیل چھانگا گروپ کے 3 کارندے گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2026 GMT
کراچی کے علاقے گارڈن میں سندھ رینجرز اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کی مشترکہ کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے کے بعد بھتہ مافیا سے تعلق رکھنے والے تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
کارروائی اتوار اور پیر کی درمیانی شب کشتی مسجد کے قریب کی گئی، جہاں ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کی۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت 25 سالہ سید باسط حسین عرف شاہ رخ، 22 سالہ محمد طحہٰ عرف مایا اور 27 سالہ عبدالصمد کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق جمیل چھانگا، وصی اللہ لاکھو اور عبدالصمد کاٹھیا واڑی گروپ سے بتایا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان بھتہ مافیا کے لیے کام کرتے تھے اور نجی بلڈرز، میڈیکل اسٹورز، ریسٹورنٹس، کاسمیٹکس شاپس، تاجروں اور دیگر سرمایہ داروں کی ریکی کر کے معلومات سرغنہ کو فراہم کرتے تھے۔ بعد ازاں ان کاروباری افراد کو دھمکیاں دے کر بھتہ وصول کیا جاتا تھا۔
رینجرز کے مطابق ملزمان اور ان کے ساتھی نیو کراچی میں گتا فیکٹری اور کاسمیٹکس شاپ جبکہ ناظم آباد کے ایک ریسٹورنٹ پر بھتہ نہ ملنے کی صورت میں فائرنگ کے واقعات میں بھی ملوث رہے ہیں۔ ان تمام واقعات میں ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سید باسط حسین عادی مجرم ہے جو اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے تیز کر دیے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
کراچی میں موٹر سائيکل چوری میں ملوث خاتون گرفتار
اسکرین گریب/ ایکسکراچی میں موٹر سائيکل چوری میں ملوث خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
سولجر بازار کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث خاتون ملزمہ کو گرفتار کیا ہے، پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی ہے، ملزمہ اپنے شوہر کے ہمراہ موٹر سائیکل لفٹنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں میاں بیوی کو موٹر سائیکل لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ملزمہ کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ اور فرار شوہر کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا مزید تفتیش جاری ہے۔