جموں و کشمیر بجٹ اجلاس سے قبل کانگریس کی میٹنگ، پارٹی حکمت عملی پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2026 GMT
کانگریس کے ارکان اسمبلی میں ایوان میں فرقہ وارایت اور تفرقہ انگیز ایجنڈے کا مقابلہ کرنے کیساتھ ساتھ عوام کی ضروریات پر توجہ مرکوز کرینگے اور اپنے ووٹروں کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو موثر انداز میں ادا کرنے کی کوشش کرینگے۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے پہلے اتوار کو کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے ایک اہم میٹنگ کی۔ جموں میں منعقدہ اس میٹنگ کی صدارت جے کے پی سی سی کے سربراہ طارق حمید قرہ نے کی۔ اس میٹنگ میں کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بجٹ اجلاس کے دوران اٹھائے جانے والے عوامی تشویش کے وسیع مسائل بالخصوص سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی، یومیہ اجرت کے مسائل، ضرورت پر مبنی، کیجول، کنٹریکٹچول اور دیگر زمروں کے عارضی ملازمین، بے روزگاری، مہنگائی کے علاوہ ریاستی درجے کی بحالی میں تاخیر کی وجہ سے متاثر ہونے والے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے طے کیا کہ اسمبلی اجلاس میں جموں و کشمیر میں منریگا کے علاوہ عام لوگوں کی ترقی، بہبودی، خدمات بشمول پانی، بجلی اور کنیکٹیویٹی، صحت اور تعلیم کے مسائل کو بھی اٹھایا جائے گا۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی میں ایوان میں فرقہ وارایت اور تفرقہ انگیز ایجنڈے کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کی ضروریات پر توجہ مرکوز کریں گے اور اپنے ووٹروں کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو موثر انداز میں ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس میٹنگ میں اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری اور سی ایل پی لیڈر غلام احمد میر، نظام الدین بھٹ، عرفان حفیظ لون اور افتخار احمد نے شرکت کی۔ وہیں پیرزادہ محمد سعید خرابی صحت کی وجہ سے میٹنگ میں شامل نہیں ہو سکے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت، فوری انصاف، مؤثر گورننس اور شفاف احتساب کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کے عوام دوست وڑن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکمے شہریوں کے مسائل کے بروقت، پائیدار اور مؤثر حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون پر شہریوں کی شکایات اور مسائل براہِ راست سنے اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تعمیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور ہر جائز شکایت پر فوری، منصفانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنے کے بجائے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ہر شکایت پر ہونے والی عملی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے ازالے میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جوابدہی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔