کراچی: رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی، ملزمان شہری سے 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ ڈالر لوٹ کر فرار
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2026 GMT
کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات سامنے آئی ہے، جس میں ایک شہری سے گھر پہنچتے ہی 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لوٹ لیے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق 3 فروری کو بہادرآباد کے علاقے فاران سوسائٹی کے رہائشی شہری بینک کے لاکر سے 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ ڈالر نکال کر گھر پہنچے تھے۔ جیسے ہی گھر کا دروازہ کھلا، دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان گیراج میں داخل ہو گئے اور زیورات و نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
شہری نے کچھ فاصلے تک ملزمان کا تعاقب بھی کیا، تاہم تیز رفتاری کے باعث ایک بڑے اسپیڈ بریکر پر موٹر سائیکلیں بے قابو ہو گئیں اور ملزمان گر پڑے، جس سے زیورات سڑک پر بکھر گئے۔
قریب موجود بنگلوں کے سکیورٹی گارڈز اور چوکیداروں کو دیکھ کر ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور بکھرا ہوا سونا تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق تقریباً 90 فیصد سونا برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ایف آئی آر کے متن میں لوٹی گئی رقم اور سونے کی مجموعی مالیت 13 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
کراچی، فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں پولیس مقابلہ، 2 زخمی ڈاکو گرفتار، چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد
کراچی:شہر قائد میں فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ ، شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے راشد منہاس روڈ سہراب گوٹھ پل کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ایس یس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عمران خان کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت شعیب ولد احسان کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام رضی الدین ولد سمیع الدین بتایا۔
گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
ملزمان سے ملنے والی موٹرسائیکل 21 جولائی 2026 کو شاہراہ پاکستان سے شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی تھی ۔