روات، ٹیکسٹائل فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی، 15 گھنٹے سے ریسکیو آپریشن جاری
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2026 GMT
راولپنڈی:
روات انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو 1122 کا بھرپور آپریشن مسلسل جاری ہے۔
آگ بھڑکنے کے بعد سے اب تک 15 گھنٹے گزر چکے ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں بدستور مصروفِ عمل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق 21 ایمرجنسی گاڑیوں اور 80 سے زائد فائر فائٹرز آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
اب تک 4 لاکھ لیٹر سے زائد پانی استعمال کیا جا چکا ہے جبکہ آگ پر تقریباً 75 فیصد قابو پا لیا گیا ہے۔ شعلوں کو مکمل طور پر بجھانے کے لیے فوم ملا پانی مسلسل استعمال کیا جا رہا ہے۔
شدید حرارت اور طویل دورانیے کی آگ کے باعث فیکٹری کی عمارت میں دراڑیں پڑ چکی ہیں اور اس کے کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر ریسکیو اہلکار محفوظ فاصلے سے فائر فائٹنگ کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے اندر بڑی مقدار میں آتش گیر سامان موجود ہے جس کی وجہ سے آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ریسکیو 1122 راولپنڈی کے مطابق قریبی اضلاع سے بھی فائر ٹینڈرز اور اضافی عملہ طلب کیا گیا ہے تاکہ آگ پر مکمل قابو پایا جا سکے۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔