سولر صارفین کی مشکلات کا نوٹس لیکر وزیر اعظم نے دل جیت لئے‘حاجی پرویز خان
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2026 GMT
اسلام آباد (محمد ریاض اختر) سابق ممبر قومی اسمبلی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ''ن'' میٹروپولیٹین راولپنڈی حاجی محمد پرویز خان نے وفاقی حکومت کی طرف سے 38 ارب روپے کے رمضان پیکج کا خیر مقدم کیا اس سے ان شا اللہ 21 لاکھ مستحق خاندان استفادہ کریں گے۔ آزا د کشمیر،گلگت وبلتستان اور اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں رقوم کی آسان اور شفاف تقسیم کا میکزم بنا دیا گیا ہے جس سے مستحقین کو رقوم وصولی میں آسانی ہوگی۔ حکومت نے ماضی کا وہ فرسودہ نظام بھی ختم کر دیا جس میں یوٹیلٹی سٹورز پر ناقص اشیا خردونوش حاصل کرنے کے لیے ضرورت مندوں کو لمبی قطاروں میں کھڑا رہنا پڑتا تھا۔ انہوں نے رمضان پیکج کی رقم گزشتہ برس کی نسبت 5 ہزارسے بڑھا کر تیرہ ہزار کرنے پر وزیراعظم میاں شہبازشریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سولر پالیسی کی بابت کہا کہ وزیراعظم میاں شہبازشریف نے سولر صارفین کی مشکلات کا نوٹس لیا یقینا اس تعمیری قدم نے لوگوں کے دل جیت لئے۔وزیراعظم آئندہ خود صارفین کی مشکلات کا جائزہ لے کر عوام دوست قدم اٹھائیں گے۔ ''نوائے وقت'' سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے وزارت توانائی نے ان فیصلوں پر شدید تنقید کی جس سے سولر صارفین کے مصائب میں بتدریج اضافہ ہوا۔ حاجی پرویزخان نے بتایا بجلی کی طلب ورسد کو توازن میں لانے کے لیے شہریوں کو سولر سسٹم کی طرف لانے کی ترغیب دی گئی نتیجے کے طور پر لوگوں نے سولر سسٹم کی تنصیب کی مد میں انویسٹمنٹ کی۔ تھوڑے عرصے بعد رائج پالیسی میں کی گئی تبدیلی نے صارفین کی مشکلات بڑھا دیں۔ لیگی رہنما نے مہنگی گیس اور بھاری بلوں کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔ یوٹیلٹی بلز کو لوگوں کو پہنچ سے دور کرا دینا دانشمندی نہیں ۔ حاجی پرویز خان کا کہنا تھا کہ چھوٹے گھروں میں بھاری گیس بلز پریشانی کی فصل بو رہے ہیں جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صوبے میں وزیراعلی مریم نوازشریف جس انداز سے خدمت سیاست کا دائرہ بڑھا رہی ہیں اسے پورا ملک ستائش کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کی عوام دوستی سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی کوششوں کا مظہرہے۔ حاجی پرویز خان نے بتایا کہ رمضان المبارک کے احترام میں پنجاب بھر میں سستے رمضان بازار کے ساتھ اشیا خردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی حکومت کا انقلابی قدم ہے۔ ان شا اللہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا نیا میکا نزم منافع خور مافیا کی نیندیں حرام کر دے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: صارفین کی مشکلات حاجی پرویز پرویز خان
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔