محسن نقوی کا سری لنکن وزارت داخلہ کا دورہ، باہمی تعاون پر گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2026 GMT
کولمبو(ویب ڈیسک)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا سری لنکا میں وزارت داخلہ کا دورہ ہم منصب سے ملاقات میں داخلی سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کیلئے باہمی معاونت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی سری لنکن سیکرٹری دفاع اور وزیر کھیل سے بھی الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کولمبو میں سری لنکن ہم منصب آنند وجے پالا سے ملاقات میں سائبر کرائمز اور مالیاتی فراڈ میں ملوث مافیا کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک سری لنکا وزارت داخلہ کے درمیان اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا ۔ غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کیلئے باہمی کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ ہوا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سری لنکن ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور سری لنکن پولیس کے افسران کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کی پیشکش کی اور کہا افسران کے ٹریننگ ایکسچینج پروگرامز سے دونوں ممالک کی فورس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا ۔ محسن نقوی کی سری لنکن وزیر کھیل و امور نوجوانان سنیل کمارا گیمیج سے ملاقات میں کھیلوں خصوصا کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر بات ہوئی، سری لنکن وزارت سپورٹس کے ساتھ اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے ذریعے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موقع پر بہترین انتظامات کو بھی سراہا ۔ محسن نقوی نے سری لنکن وزیر کھیل کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ، سری لنکا کے سیکرٹری دفاع سمپاتھا تھویا کونتھا سے بھی ملے۔ پاک سری لنکا سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سمپاتھا تھویا کونتھا نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سری لنکا حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔ اس پر پاکستان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: وزیرداخلہ محسن نقوی محسن نقوی نے بڑھانے پر سری لنکا
پڑھیں:
پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط ختم
روم: پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط ختم کر دی گئی۔پاکستان کے سفیر علی جاوید اور اٹلی کی وزارتِ خارجہ کے سیکرٹری جنرل، عزت مآب سفیر ریکارڈو گوارِیلیا نے حال ہی میں ایک ایسے معاہدے پر دستخط کئے ہیں. جس کے تحت سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کیلئے ویزا کی شرط ختم کر دی گئی ہے. معاہدے پر دستخط کی پُروقار تقریب اٹلی کی وزارتِ خارجہ میں روم میں منعقد ہوئی۔تقریب سے قبل دونوں اعلیٰ حکام کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی. دونوں فریقوں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تزویراتی تعاون کی مضبوطی، وسعت اور مسلسل ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان روایتی طور پر دوستانہ اور تعمیری دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا، جبکہ اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر جاری تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔دونوں جانب سے اس معاہدے کو باہمی اعتماد اور دوستی کی عکاسی قرار دیا گیا اور اسے موجودہ دوطرفہ تعاون کے نظام میں ایک اہم اضافہ قرار دیا گیا. معاہدے سے سفارتی وفود کے تبادلوں میں آسانی پیدا ہوگی اور دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں گے۔پاکستان اور اٹلی کے درمیان اس وقت متعدد نئے معاہدوں پر غور جاری ہے. اس کے علاوہ دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان 21 مفاہمتی یادداشتیں (MoUs) موجود ہیں، جبکہ سیاحت، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، اعلیٰ دفاعی مطالعات اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دونوں حکومتوں کے درمیان 15 معاہدے طے پا چکے ہیں۔دفاعی تعاون کا معاہدہ 2009 میں طے پایا، جبکہ 2013 میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان قائم کیا گیا، اسی طرح مشترکہ اقتصادی کمیشن 2005 میں تشکیل دیا گیا، سرمایہ کاری کے تحفظ کا معاہدہ 1997 میں طے پایا، دوہری شہریت کا معاہدہ 1983 میں جبکہ حوالگیِ ملزمان (Extradition) کا معاہدہ 1972 میں دستخط کیا گیا تھا۔اس سے قبل 7 مئی 2025 کو اسلام آباد میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان ’’لیبر موبیلٹی اینڈ مائیگریشن‘‘ کے موضوع پر ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے، جو کسی یورپی ملک کے ساتھ پاکستان کا پہلا باقاعدہ لیبر معاہدہ ہے، اس معاہدے کے تحت پاکستانی افرادی قوت کو اٹلی میں پاکستانی شہریوں کیلئے مختص 10,500 ملازمتوں کے کوٹے سے فائدہ اٹھانے کا موقع حاصل ہوگا۔پاکستانی سفیر نے سیکرٹری خارجہ کی جانب سے سیکرٹری جنرل کو ساتویں دورِ دوطرفہ سیاسی مشاورت میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، انہوں نے 2026 کی آخری سہ ماہی میں اس اجلاس کے انعقاد کیلئے پاکستان کی آمادگی سے آگاہ کیا اور اسلام آباد میں اٹلی کے نئے سفارت خانے کے افتتاح کی خواہش کا اظہار کیا، جو اٹلی کا بیرونِ ملک سب سے بڑا سفارتی مشن ہوگا. اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔