اسرائیلی اقدامات منصفانہ اور دیرپا امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں، ترجمان
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2026 GMT
اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے غیرقانونی اقدامات مسترد کرتے ہوئے اسرائیلی کارروائیاں فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اسرائیلی قابض طاقت کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارہ کے علاقوں کو نام نہاد ریاستی ملکیت میں تبدیل کرنے اور غیر قانونی آبادکاری کی سرگرمیوں میں توسیع کی حالیہ کوششوں کو بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدامات نہ صرف عالمی قوانین بلکہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے بھی منافی ہیں، اور عالمی برادری کو انہیں واضح طور پر مسترد کرنا چاہیے۔ترجمان کے مطابق اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کو مسلسل نظرانداز کرنا اور اشتعال انگیز اقدامات خطے میں منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کے امکانات کو کمزور کر رہے ہیں۔ اسرائیلی اقدامات خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی استثنیٰ کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے اور بین الاقوامی قانون کے احترام کو یقینی بنائے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان فلسطین کے عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر منسلک فلسطینی ریاست کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی اصولی حمایت جاری رکھے گا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے عالمی کوششوں کا حصہ بنتا رہے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز
پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کےلیے ڈرون مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے ڈرون مانیٹرنگ سے سیلابی ریلے کی آمد کی نشاندہی ممکن ہوگی۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی ڈرون سرویلنس شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تریموں بیراج میں ڈرون سرویلنس کے دوران واٹر لیول نارمل پایا گیا، پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں بھی واٹر لیول کی ڈرون مانیٹرنگ کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں دریائے چناب کے طالب والا پل پر ڈرون مانیٹرنگ میں پانی کا بہاؤ نارمل پایا گیا۔ ہیڈسدھنائی پر ڈرون مانیٹرنگ سے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ہیڈ مرالہ میں ڈرون سرویلنس کے دوران پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ منڈی بہاؤالدین کے رسول بیراج پر بھی پانی کا مانیٹر کیا گیا۔