طارق رحمان وزیراعظم بنگلہ دیش آج حلف برداری،جماعت اسلامی نے 32 حلقوں کے نتائج چیلنج کر دیئے
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2026 GMT
اسلام آباد، ڈھاکہ (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب آج ہوگی پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندہی احسن اقبال کریں گے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال تقریبِ میں شرکت کیلئے ڈھاکہ روانہ ہو گئے۔ احسن اقبال بنگلہ دیش میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بیرون ملک دورے کے باعث حلف برداری میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔ اپنے ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کر کے سیاسی، معاشی اور اقتصادی شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جلد بنگلہ دیش کا دورہ کر کے نئے وزیراعظم طارق رحمان کو مبارکباد دیں گے۔ حلف برداری میں شرکت کے لیے چین، سعودی عرب، بھارت، ترکیے، یو اے ای، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا اور نیپال سمیت مختلف ممالک کے سربراہان کو دعوت دی گئی ہے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی کی قیادت میں قائم اتحاد نے 32 حلقوں کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن میں باضابطہ شکایات جمع کرا دی ہیں۔ جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں بی این پی نے واضح اکثریت حاصل کی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بی این پی اتحاد نے 212 نشستیں جیتیں، جبکہ جماعت اسلامی کی قیادت والے اتحاد کو 77 نشستیں ملیں۔ بی این پی کے سربراہ طارق رحمان ملک کے اگلے وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان نے ہفتے کے روز شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جماعت پارلیمنٹ میں بااصول اور پْرامن اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔ تاہم اتوار کو جماعت کے رہنماؤں نے 32 حلقوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات جمع کرائیں۔ سینئر رہنما حمید الرحمٰن آزاد کے مطابق ان حلقوں میں ان کے امیدواروں کو ‘‘غیر منصفانہ طور پر ہرایا گیا’’۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ووٹنگ کے اختتام پر جعلی ووٹ، رشوت، دھمکیوں اور تشدد کے واقعات پیش آئے۔پولیس کے مطابق انتخابی مہم کے دوران سیاسی جھڑپوں میں پانچ افراد ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ نتائج کے بعد بھی بعض علاقوں میں جھڑپوں اور توڑ پھوڑ کے واقعات رپورٹ ہوئے جن میں کم از کم دو افراد جان سے گئے۔جماعت اسلامی بنگلادیش کے سربراہ ڈاکٹر شفیق الرحمان نے بی این پی کے رہنما طارق رحمان کو بطور وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کہا کہ طارق رحمان سے ملاقات قومی سیاسی سفر میں مثبت قدم ہے، ملک کو خود مختار اور انصاف پر مبنی ریاست بنانے کا عزم ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے تحفظ سے متعلق حکومتی یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہیں، قومی مفاد کے معاملات پر حکومت سے تعاون کریں گے۔ جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ مضبوط اور اصولی اپوزیشن کا کردار بھی ادا کیا جائے گا، جہاں حکومت عوامی مفاد میں کام کرے گی وہاں حمایت کریں گے۔ ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کہا کہ عوام کو مستحکم اور با اعتماد پارلیمنٹ درکار ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: شفیق الرحمان نے جماعت اسلامی حلف برداری احسن اقبال بنگلہ دیش نے کہا کہ بی این پی کے مطابق کریں گے
پڑھیں:
یو اے ای ویزا آن ارائیول کی نئی شرائط اور فیس جاری
دبئی: یو اے ای ویزا آن ارائیول سے متعلق متحدہ عرب امارات نے نئی شرائط، فیس اور درخواست کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ نئی ہدایات کے تحت مخصوص ممالک کے اہل شہری امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکیں گے، تاہم اس کے لیے مقررہ شرائط پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔
دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری، اور ان کے ہمراہ سفر کرنے والے اہل خانہ، اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، سفید پس منظر والی حالیہ رنگین تصویر اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کی جانب سے جاری کردہ قابل قبول رہائشی پرمٹ یا ویزا ہونا ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کو صرف ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے توسیع دی جا سکتی ہے، جبکہ 60 روزہ ویزا میں توسیع کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
جی ڈی آر ایف اے نے بتایا کہ ویزا کے لیے درخواست اس کی سرکاری ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ درخواست کی منظوری کے بعد ویزا رجسٹرڈ ای میل پر ارسال کیا جائے گا، جبکہ عام طور پر درخواستوں پر 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کر لی جاتی ہے۔
فیس کے حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کی فیس 172.50 درہم جبکہ 60 روزہ ویزا کی فیس 422.50 درہم مقرر کی گئی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفری عمل کو مزید آسان بنانا، سیاحت کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو متحدہ عرب امارات کی جانب راغب کرنا ہے۔
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس سہولت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اہم وضاحت: جاری کردہ شرائط میں پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز شامل نہیں ہیں۔ یہ سہولت صرف ان مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے ہے جن کا جی ڈی آر ایف اے نے اعلان کیا ہے۔