کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری، نشیبی علاقے زیرِ آب
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2026 GMT
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آج رات تک اور آئندہ 12 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ اور گردونواح کے علاوہ پشین، چمن، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہرنائی، مستونگ، نوشکی اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ بلوچستان کے کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی رپورٹ ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش قلات میں 32 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ کوئٹہ میں 29 ملی میٹر، خضدار میں 7، پسنی میں 6، نوکنڈی اور تربت میں 5، اورماڑہ میں 4 جبکہ ژوب میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
قلات شہر اور گردونواح میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ چاغی کے مختلف علاقوں، دالبندین، سیندک، امین آباد اور چہتر سمیت دیگر مقامات پر بھی گزشتہ شب سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
شدید بارش اور تیز آندھی کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔