چیلسی کلب کے ہاتھ میں تاریخ رقم کرنے کا موقع، جیت کی صورت میں اربوں کا انعام!
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
2025 فیفا کلب ورلڈ کپ کے سفر میں چیلسی فٹبال کلب نے نہ صرف میدان میں شاندار کارکردگی دکھائی بلکہ اپنی خزانے کی تجوریاں بھی بھرلیں۔ فلومی نینسے کے خلاف فتح حاصل کرکے چیلسی نے فائنل میں جگہ بنالی ہے، جہاں ان کا مقابلہ پیرس سینٹ جرمین سے ہوگا۔
برازیلی ٹیم کے خلاف جواؤ پیڈرو کی شاندار کارکردگی نے چیلسی کو فیصلہ کن میچ تک پہنچادیا، اور کوچ اینزو ماریسکا کےلیے یہ کامیابیاں ٹیم کی تعمیرِ نو کے سفر میں ایک اور سنگ میل ثابت ہورہی ہیں۔
اگرچہ کلب ورلڈ کپ تک رسائی کا سفر آسان نہیں تھا، لیکن چیلسی کلب نے عالمی سطح پر مختلف ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ اب اگر چیلسی کی ٹیم فائنل جیت لیتی ہے تو یہ نہ صرف میدان میں بلکہ مالی اعتبار سے بھی ایک بڑی کامیابی ہوگی۔
اب تک چیلسی کلب نے کتنی رقم کمائی ہے؟
چیلسی کے مالی معاملات پہلے ہی مستحکم ہیں، لیکن کلب ورلڈ کپ کے سفر نے ان کے اکاؤنٹس میں مزید خطیر رقم شامل کردی ہے۔ سیمی فائنل سے پہلے ہی چیلسی نے کلب ورلڈ کپ سے 104.
فلومی نینسے کو شکست دینے کے بعد چیلسی کی دولت میں مزید 30 ملین ڈالر (22.1 ملین پاؤنڈ) یعنی 8 ارب 36 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد چیلسی نے اب تک اس ٹورنامنٹ سے کل 134.6 ملین ڈالر (99 ملین پاؤنڈ) یعنی 37 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد کما لیے ہیں۔
یہ کلب ورلڈ کپ میں کسی بھی دوسری ٹیم کے مقابلے میں سب سے زیادہ رقم ہے، اور فائنل جیتنے کی صورت میں چیلسی اپنی اس کمائی میں مزید اضافہ کریں گے۔
فائنل جیتنے پر چیلسی کو کتنی رقم حاصل ہوگی؟
فائنل میں چیلسی کلب کا سامنا پی ایس جی سے ہوگا، اور اگرچہ یہ ایک کڑا امتحان ہے، لیکن چیلسی ٹیم انھیں شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگر چیلسی کلب فائنل جیت لیتا ہے تو انھیں مزید 40 ملین ڈالر (29.4 ملین پاؤنڈ) یعنی 11 ارب 14 کروڑ روپے کی انعامی رقم ملے گی۔
یہ رقم اتنی بڑی ہے کہ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایف اے کپ جیتنے والی ٹیم کو صرف 2 ملین پاؤنڈ (77 کروڑ روپے) اور کیریباؤ کپ جیتنے والی ٹیم کو صرف 1 لاکھ پاؤنڈ (39 لاکھ روپے) انعام دیا جاتا ہے، جبکہ یورپ کی سب سے بڑی چیمپئنز لیگ جیتنے پر بھی اتنی خطیر رقم نہیں ملتی، جہاں پی ایس جی نے آخری فائنل جیت کر صرف 21.5 ملین پاؤنڈ (8 ارب 29 کروڑ روپے) کمائے تھے۔
اگر چیلسی ٹیم فائنل میں فتح حاصل کرلیتی ہے تو یہ اینزو ماریسکا کی کوچنگ میں مئی میں جیتی گئی یورپا کانفرنس لیگ کے بعد دوسری بڑی ٹرافی ہوگی، اور ساتھ ہی چیلسی کی مالی حیثیت کو مزید مضبوط کرے گی۔
واضح رہے کہ فیفا کلب ورلڈ کپ کا فائنل 13 جولائی کو نیویارک میں ہوگا۔
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کلب ورلڈ کپ ملین پاؤنڈ چیلسی کلب ملین ڈالر فائنل جیت کروڑ روپے
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔