غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری، ایک ہی دن میں 67 فلسطینی شہید
اشاعت کی تاریخ: 30th, August 2025 GMT
غزہ ایک بار پھر اسرائیلی فوج کے خونریز حملوں کا نشانہ بن گیا۔ جمعہ کو غزہ کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بمباری اور فائرنگ میں کم از کم 67 فلسطینیوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن میں وہ چھ افراد بھی شامل تھے جو امداد کی تلاش میں نکلے تھے۔
فلسطینی طبی کارکنوں نے بتایا کہ وسطی غزہ میں امداد کے منتظر تین شہریوں کو اسرائیلی فوج نے براہِ راست گولیاں مار کر شہید کیا، جب کہ فضائی حملوں کے نتیجے میں خان یونس کے مغربی حصے میں کم از کم پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے اور درجنوں شدید زخمی ہوئے۔
غزہ میں جاری انسانی بحران مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق بھوک اور غذائی قلت سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 322 ہو گئی ہے۔
اسی دوران اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ پٹی سے ایک اسرائیلی مغوی کی لاش برآمد کرلی ہے جس کی شناخت ایلان ویس کے نام سے کی گئی۔ فوج کے مطابق ایک اور مغوی کی کچھ ذاتی اشیا بھی ملی ہیں تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق تقریباً دو سال سے جاری اس جنگ میں اسرائیلی جارحیت کے باعث 62 ہزار 600 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر عورتیں اور بچے شامل ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
شہباز شریف سمیت حکومتی شخصیات کو 21 تحائف ملے، توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری
فوٹو: فائلوزیراعظم اور نائب وزیراعظم سمیت مختلف اعلیٰ حکومتی شخصیات کو 21 قیمتی تحائف ملے، کابینہ ڈویژن نے اپریل تا جون توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری کردیا۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیراعظم اور نائب وزیراعظم توشہ خانہ تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کو ایک شوگر باؤل، قیمتی قلم، مسجد نبویﷺ کا ماڈل، شیلڈ اور ٹائی بطور تحفہ ملی۔
دستاویز کے مطابق وزیراعظم کو چینی خلائی اسٹیشن کا ماڈل، ایک کپ، گھڑی اور شیلڈ بھی بطور تحفہ ملی۔
دستاویز کے مطابق نائب وزیراعظم کو چمڑے سے بنا چینی بیلٹ، مصری اسٹیچو کا ماڈل اور کف لنکس بطور تحفہ ملے۔
دونوں اعلیٰ ترین حکومتی شخصیات نے حاصل ہونے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے۔ کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کو ملنے والے تحائف کی قیمتوں کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔