اطالوی وزیرِاعظم جارجیا میلونی کی ایڈٹ شدہ تصاویر وائرل، ردعمل سامنے آگیا
اشاعت کی تاریخ: 30th, August 2025 GMT
اٹلی کی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے اپنی اور دیگر مشہور خواتین کی ایڈٹ شدہ قابلِ اعتراض تصاویر اور ویڈیوز فحش ویب سائٹ پر شائع ہونے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس عمل کو افسوسناک اور خواتین کی تذلیل قرار دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق وزیرِاعظم سمیت متعدد سیاستدان خواتین اور معروف شخصیات کی جعلی تصاویر اور ویڈیوز کو ایک ویب سائٹ پر شیئر کیا گیا جہاں نہ صرف انہیں مسخ شدہ انداز میں پیش کیا گیا بلکہ جنسی اور توہین آمیز جملے بھی درج کیے گئے تھے۔ یہ مواد ’فیکا‘ (Phica) نامی پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیا گیا تھا، جس کا نام اطالوی زبان کے ایک فحش لفظ سے اخذ کیا گیا ہے۔
شدید عوامی ردِعمل کے بعد مذکورہ ویب سائٹ بند کردی گئی۔ تاہم منتظمین نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ تصاویر اور ویڈیوز ان کے اپنے نہیں بلکہ لاکھوں صارفین نے سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع سے تصاویر اکٹھی کرکے انہیں توہین آمیز شکل میں شائع کیا۔
اطلاعات کے مطابق ویب سائٹ پر وزیرِاعظم جارجیا میلونی کی بہن اور حکمران جماعت برادرز آف اٹلی کی اہم رہنما آریانا میلونی کی تصاویر بھی موجود تھیں۔ ان کے علاوہ کئی اور سیاستدان اور شوبز سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی اس فہرست کا حصہ تھیں۔
جارجیا میلونی نے اطالوی اخبار سے گفتگو میں کہا کہ وہ اس واقعے پر شدید برہم ہیں اور ان کی تمام تر ہمدردیاں اُن خواتین کے ساتھ ہیں جنہیں اس عمل سے بدنام اور ذلیل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی تکلیف دہ ہے کہ 2025 میں بھی عورت کی عزت پامال کرنا اور اس پر جنسی جملے کسنا بعض افراد معمول سمجھتے ہیں۔
وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ یہ معاملہ اب صرف ’ریوینج پورن‘ تک محدود نہیں رہا بلکہ پرائیویسی اور ڈیٹا کے تحفظ کی ضرورت ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ یاد رہے کہ اٹلی میں 2019 سے ریوینج پورن کے خلاف قانون نافذ ہے، جس کے تحت اس قسم کے جرائم پر چھ سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ جارجیا میلونی نے خواتین کے مسائل پر آواز بلند کی ہو۔ وہ پہلے بھی ڈیپ فیک پورنوگرافی، گھریلو تشدد اور عورتوں کے خلاف جرائم کے خلاف سخت مؤقف رکھتی آئی ہیں۔ اس تازہ اسکینڈل نے ایک بار پھر اٹلی میں خواتین کے حقوق اور نسوانی تحریک کے موضوع پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ایک اطالوی فیس بک گروپ بند کیا گیا تھا، جہاں ہزاروں مرد خواتین کی نجی تصاویر بغیر اجازت شیئر کر رہے تھے۔ اس گروپ کو بھی عوامی دباؤ اور پولیس شکایات کے باعث ختم کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جارجیا میلونی ویب سائٹ کیا گیا
پڑھیں:
کراچی گندا نہیں، لوگوں کی سوچ گندی ہے:جویریہ سعود
معروف اداکارہ جویریہ سعود نے صبا قمر کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کراچی سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
صبا قمر پاکستان کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں، حال ہی میں ڈرامہ سیریل کیس نمبر 9 اور پامال کے ذریعے دوبارہ ٹی وی اسکرین پر جلوہ گر ہوئیں۔
صبا قمر کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں انہوں نے کراچی منتقل ہونے کے سوال پر حیران کن انداز میں استغفراللّٰہ کہا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔
جویریہ سعود نے صبا قمر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اداکارہ عفت عمر کو جواب میں کہا کہ کراچی گندا نہیں، لوگوں کی سوچ گندی ہے، جو اس کو گندا کہتے ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جو اپنے ہی ملک کو گندا کہہ رہے ہیں، کراچی ہو یا پاکستان کا کوئی بھی شہر ہمیں تو ہماری دھرتی کا ایک ایک کونہ پیارا ہے۔
انہوں نے بطور کراچی کی رہائشی یہ واضح کیا کہ شہر کی منفی تصویر پیش کرنا درست نہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل دو حصوں میں تقسیم نظر آ رہا ہے، کچھ صارفین صبا قمر کے بیان کو ناپسند کر رہے ہیں جبکہ دیگر ان کے حقِ رائے دہی کا احترام کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ میں کراچی میں پیدا ہوا، لیکن شہر واقعی بہت گندا اور ناقابلِ برداشت ہوتا جا رہا ہے، ایک اور نے کہا کہ کراچی والوں کو اپنی گورننس کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے تاکہ شہر صاف ہو سکے۔
کچھ صارفین نے صبا قمر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو کسی شہر کو پسند یا ناپسند کرنے کا حق ہے، ممکن ہے صبا کو اپنا شہر زیادہ پسند ہو۔