لاہور؛ دوستوں نے دوست کو دعوت پر بلا کر قتل کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 1st, September 2025 GMT
لاہور:
تھانہ کاہنہ کی حدود میں نجی سوسائٹی میں دوستوں نے دوست کو دعوت پر بلا کر تیسری منزل سے دھکا دے کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 22 سالہ شرجیل کے نام سے ہوئی، مقتول کے بھائی عمران زوار کی مدعیت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
قتل کے مقدمے میں ریحان ڈوگر، جمشید گجر سمیت دیگر ملزمان نامزد ہیں۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے شرجیل کو دعوت پر بلایا اور تیسری منزل سے دھکا کر قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں، جلد گرفتار کر لیے جائیں گے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چارسدہ میں ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید، سب انسپکٹر زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل پڑانگ میں چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحصیل پڑانگ میں پولیس پارٹی پر چھاپے کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں پولیس کانسٹیبل اور ایس ایچ او کے گن مین شہید جبکہ سب انسپکٹر زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ کے مطابق شہید اہلکار کی لاش اور زخمی پولیس اہلکار کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اطلاع پر اشتہاری ملزمان کے خلاف چھاپے مارنے گئی تھی۔
فائرنگ کے واقعہ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ شہید ہیڈ کانسٹیبل فصیح الدین کی میت کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پولیس لائنز چارسدہ منتقل کر دیا گیا جہاں رات کو 12 بجے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی آبائی گاؤں درگئی روانہ کیا جائے گا۔