قطر پر اسرائیلی جارحیت، پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 10th, September 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان نے قطر پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قطر کی برادر ریاست پر اسرائیل کی بلا اشتعال اور غیر قانونی جارحیت کے پیشِ نظر پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ نہایت سنگین نوعیت کا ہے اور سلامتی کونسل کو فوری طور پر اس پر غور کرنا چاہیے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان قطر کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا دوحہ میں حماس رہنماؤں پر فضائی حملہ؛ قطر کا ردعمل آگیا
قبل ازیں گزشتہ روز اسرائیلی حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اس اقدام کی مذمت کی تھی اور امیر قطر سے فون پر رابطہ کرکے مکمل یک جہتی کا اظہار کیا تھا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سلامتی کونسل
پڑھیں:
مشرق وسطیٰ کی صورتحال کنٹرول سے باہر ہوتی جارہی ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ
نیویارک:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال تیزی سے قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے اور پورا خطہ ایک ایسے خطرناک موڑ پر پہنچ چکا ہے جس کے نتائج ناقابلِ تصور ہو سکتے ہیں۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ ناقابلِ تصور تباہی کے کنارے پر کھڑا ہے اور خطہ مسلسل وسیع ہوتے ہوئے تصادم کے دائرے میں کھنچتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال قابو سے باہر ہو رہی ہے ایک بحران دوسرے بحران کو جنم دے رہا ہے جبکہ ہر روز نئی کشیدگی مزید خطرناک حالات پیدا کر رہی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سربراہ کے مطابق جیسے جیسے تنازع پھیل رہا ہے ویسے ویسے سیاسی مقاصد پس منظر میں چلے جا رہے ہیں اور تصادم خود ہی ایک مستقل بحران کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مزید کشیدگی کو روکنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں کیونکہ موجودہ حالات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔