پاکستان ریلوے مالی بحران کا شکار، آپریشن چلانا مشکل ہوگیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, September 2025 GMT
لاہور:
پاکستان ریلوے مالی بحران کا شکار ہوگئی جس کے باعث ریلوے کا آپریشن چلانا مشکل ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کو ملنے والی معلومات کے مطابق پاکستان ریلویز اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہو چکا ہے، انتہائی خستہ حالی کا شکار ریلوے ٹریک کی رہی سہی کسر سیلاب نے پوری کردی، ریلوے انتظامیہ کو لاہور سمیت ملک بھر میں ریلوے آپریشن چلانے میں دشواری کا سامنا ہے۔
حالات یہاں تک پہنچ چکے ہیں کہ ایک ٹرین کے مسافروں کو دوسری ٹرین میں ایڈجسٹ کر کے چلایا جا رہا ہے، بوگیوں کی کمی تو تھی ہی جو بوگیاں چل رہی ہیں ان کی بھی دیکھ بھال کے لیے اسپیئر پارٹس تک دستیاب نہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق یہی وجہ ہے کہ ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو رہی ہیں، مقامی کنٹریکٹرز نے ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے اسپیئر پارٹس اور دیگر میٹریل کی سپلائی بند کر دی ہے۔
ریلوے ورکشاپ میں درجنوں کوچیں اسپیئر پارٹس نہ ہونے کی وجہ سے کھڑی ہیں اگر صورتحال یہی رہی اور بروقت فنڈز کی فراہمی نہ ہوئی تو ریلوے آپریشن شدید متاثر ہو جائے گا، صرف لاہور ڈویژن میں 29 اکانومی اور 34 ائیر کنڈیشنڈ کوچوں کی کمی ہے۔
وفاقی حکومت سے ساڑھے 22 ارب روپے کا بجٹ ریلوے کو ملا ہے جبکہ ضرورت سو ارب روپے سے زائد کی ہے، ریلوے ٹریک کی خستہ حالی کے باعث ہی ٹرین حادثات اور پٹریوں سے اترنے کے واقعات ہو رہے ہیں۔
جب اس سلسلے میں ریلوے انتظامیہ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں آپریشن کو بخوبی انداز میں چلایا جا رہا ہے اور ہر اہم پرزہ متعلقہ سیکشنز کو فراہم کیا جا رہا ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
کراچی: سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے باپ، بیٹا جاں بحق، دوسرا بیٹا زخمی
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے باپ اور بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ دوسرا بیٹا زخمی ہوگیا، واقعہ ذاتی لڑائی جھگڑے کے باعث پیش آیا۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے روزی گوٹھ میں دو برادریوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جو ذاتی نوعیت کا تھا۔
اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے باپ اور اس کا ایک بیٹا دم توڑ گئے جبکہ دوسرا بیٹا زخمی ہے جس کی حالت تشویشناک ہے اور عباسی شہید اسپتال میں زیر علاج ہے۔
ایس ایس پی غربی نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پر حاصل کردہ معلومات کے مطابق فائرنگ عظیم نامی شخص نے کی جو فرار ہوگیا اس کی تلاش میں پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔