Daily Sub News:
2026-06-03@06:21:33 GMT

جسٹس محمد احسن کو بلائیں مگر احتیاط لازم ہے!

اشاعت کی تاریخ: 15th, September 2025 GMT

جسٹس محمد احسن کو بلائیں مگر احتیاط لازم ہے!

جسٹس محمد احسن کو بلائیں مگر احتیاط لازم ہے! WhatsAppFacebookTwitter 0 15 September, 2025 سب نیوز

تحریر: عرفان صدیقی

ڈنمارک سپریم کورٹ کے پہلے مسلمان اور پاکستانی جج، مسٹر جسٹس محمد احسن کی کہانی تو آدھے ادھورے کالم میں سمیٹی جاسکتی تھی کہ وہ بولنے سے زیادہ سننے پر یقین رکھتے ہیں لیکن ڈنمارک سپریم کورٹ کی داستان، کوشش کے باوجود ، دو کالموں کے کوزے میں بند نہیں کی جاسکتی۔ میں ججوں کے انتخاب اور عدالت کے طریقِ سماعت کے بارے میں بتا چکا ہوں۔ آج چیف جسٹس کے انتخاب وتقرر کے دلچسپ نظام کی بات کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ میں تعینات ہو نے والا ہر جج ستّر سال کی عمر تک اپنے منصب پر برقرار رہتا ہے۔ چیف جسٹس کو وہاں صدر (President) کہا جاتا ہے۔ صدرِ سپریم کورٹ یعنی چیف جسٹس کے انتخاب وتقرر میں حکومت، کسی اعلی عہدیدار، ادارے، حتٰی کہ بادشاہ کا بھی کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ 1861؁ میں ایک روایت قائم ہوئی جسے 1915؁ میں ایک واضح اور متعین شکل دے دی گئی۔ چیف جسٹس کے ستّر سال کی عمر تک پہنچنے، یعنی اُس کی ریٹائرمنٹ سے تین چار ماہ قبل اٹھارہ رُکنی سپریم کورٹ کے سترہ جج صاحبان میں نئے چیف جسٹس کے انتخاب پر مشاورت شروع ہوجاتی ہے۔ خاص طورپر تین چار سینئر جج صاحبان کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے ہر جج اپنی رائے مرتب کرتا ہے۔ فیصلہ اتفاق رائے سے نہ ہو تو کثرت رائے سے ہوجاتا ہے۔ سو جج صاحبان خود اپنا چیف جسٹس چُن لیتے ہیں۔ چیف جسٹس کا سب سے سینئر ہونا ضروری نہیں۔ اس امر کا خیال رکھا جاتا ہے کہ نئے چیف جسٹس کے پاس خدمات سرانجام دینے کے لئے معقول وقت پڑا ہو۔ چُنے گئے چیف جسٹس کا نام رسمی طورپر وزارتِ انصاف کو بھجوا دیاجاتا ہے جو ’دربارِ شاہی‘ کو ارسال کردیتی ہے اور شاہ اس کی تقرری کا فرمان جاری کردیتا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سپریم کورٹ ازخود، عوامی آگاہی کے لئے، اُسی دن نئے چیف جسٹس کے نام کا اعلان کردیتی ہے، جس دِن یہ نام وزارتِ انصاف کو بھیجا جاتا ہے۔ ایسی کوئی نظیر نہیں ملتی کہ کسی بھی سطح پر جج صاحبان کے فیصلے سے انحراف کیاگیا ہو۔ ایسے شواہد بھی نہیں ملے کہ اختلاف کرنے والے جج صاحبان اپنے سامنے والی شاہرہ پر کوئی دھوبی گھاٹ بنائیں، اپنی داغدار عبائیں دھوئیں اور سوکھنے کے لئے سپریم کورٹ کی دیواروں پر ٹانگ دیں۔ مجھے کسی ایسے وقوعے کا سراغ بھی نہیں ملا کہ آئینی وقانونی نکات کی تشریح وتوضیح کے بجائے وہ ایک دوسرے کے چہرے مسخ کرنے کے لئے، کسی ذاتی زخم یا پرخاش کی بنا پر، لُغتِ کوچہ وبازار سے ’دشنام تلاشی‘ کریں اور باہمی خط وکتابت کا سلسلہ شروع کردیں۔ ایسا ہوا ہوتا تو 1661؁ سے آج تک 364 سالوں میں ’’مکتوباتِ منصفانِ ڈنمارک‘‘ کی کئی ضخیم جلدیں منظر عام پر آ چکی ہوتیں۔ ’ورلڈ جسٹس پروگرام‘ کی رپورٹ کے مطابق، سکنڈے نیویا کے چار ممالک ڈنمارک، ناروے، سویڈن اور فن لینڈ بالترتیب پہلے، دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ ’’قانون کی حکمرانی‘‘ کے حوالے سے پہلا اسلامی ملک ’’متحدہ عرب امارات‘‘ ہے، جو 39 ویں نمبر پہ آتا ہے۔ پاکستان، انتہائی فعال، متحرک اور آتش مزاج عدلیہ رکھنے کے باوجود 129 ویں نمبر پر ہے۔ مجھے تو یہ ’’ورلڈ جسٹس پروگرام‘‘ کی سازش لگتی ہے ورنہ یہ کیسے ممکن ہے کہ قازقستان، انڈونیشیا، تیونس، ازبکستان، الجیریا، مراکش، لبنان، ترکی، نائیجیریا، بنگلہ دیش اور ایران جیسے ممالک کا گراف ہم سے بہتر ہو۔ ممکن ہو تو خطوط نویسی پر کامل دسترس رکھنے والے کسی جج کو ’’ورلڈ جسٹس پروگرام‘‘ کے نام بھی ایک بارُود پاش مکتوب لکھنا چاہیے۔ نہایت ہی افسوس ناک امر یہ ہے کہ ڈنمارک کے جج صاحبان میں سے کسی نے ’رفاۂِ عامہ‘ کے حوالے سے عدل وانصاف کی ایسی درخشاں مثال قائم نہیں کی کہ کئی کئی منزلہ رہائشی ٹاور زمیں بوس کرا دیے ہوں، پانی کی قلت دور کرنے کے لئے ڈیمز تعمیر کرنے کا بیڑا اٹھالیا ہو، ایک پروان چڑھتے ہسپتال کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہو، شہر میں ٹرام چلانے کے لئے ہلکان ہو رہا ہو یا کسی پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائیٹی کے معاملات میں رخنہ اندازی کی ہو۔ ڈنمارک عدالت کی کمزوری اور بے چارگی کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کسی وزیراعظم کو پھانسی چڑھانا یا منصب سے ہٹانا تو بہت دور کی بات ہے، اُسے عدالت میں طلب تک نہیں کرسکی۔ سمجھ میں نہیں آ رہا یہ قانون کی کیسی حکمرانی ہے جس نے ڈنمارک کو سب سے اونچی مسند پر بٹھا دیا ہے؟ میرے ایک سوال پر جسٹس محمد احسن نے بتایا کہ وہ آخری بار 2015؁ میں اپنے والد کی میّت لے کر پاکستان آئے تھے۔ رحمت خان نے اپنے خاندان کی فصل کو ڈنمارک کی کھیتی میں پروان چڑھتے دیکھا لیکن زندگی کے آخری لمحات میں وصیّت کی کہ مجھے کوپن ہیگن میں نہیں، میرے گائوں دھنّی میں دفن کرنا۔ جسٹس صاحب کو اپنے وطن آئے اب دس برس ہونے کو ہیں۔ کیا ہی اچھا ہو کہ ہماری سپریم کورٹ اُنہیں پاکستان آنے کی دعوت دے۔ اُن کی عزت افزائی کے لئے تقریبات کا اہتمام کرے۔ انہیں سمجھائے کہ حقیقی اور بے لاگ انصاف کے تقاضے کیا ہیں؟ اُنہیں بتائے کہ دورِ حاضر کے روشن خیال اور تَر دماغ جج صاحبان فیصلے ہی نہیں، خطوط بھی لکھتے ہیں تاکہ ججوں کا باہمی دوستانہ رشتہ مضبوط رہے۔ یہ بھی گوش گزار کیاجائے کہ سائیکلوں یا بسوں پہ عدالت جانا، عدالتی عظمت ووقار کی توہین ہے۔ دبے لفظوں میں یہ بھی بتادینا چاہیے کہ تنخواہ سے پچاس فی صد ٹیکس کٹوا دینا کوئی فخر کی بات نہیں۔ ہمارے ہاں اگر چیف جسٹس کی صرف پنشن ہی 23 لاکھ 90 ہزار روپے ہے تو آپ لوگوں کو بھی اپنی معیشت بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ یہ بھی کوئی اعزاز کی بات نہیں کہ ڈنمارک کی سپریم کورٹ کا سارا عملہ صرف 60 افراد پر مشتمل ہے۔ ہمارے ہاں تو اتنے اہلکار ایک جج کو میّسر ہیں۔ کسی اپیل کا فیصلہ صرف سات دنوں میں کردینا بھی قرینِ انصاف نہیں۔ اس سے زیرِالتوا مقدمات کی نوبت ہی نہیں آتی۔ سپریم کورٹ کے باہر سائلوں کی میلوں لمبی قطاریں نہ لگی ہوں اور عدالت کے تہہ خانے ہزاروں زیرالتوا مقدمات کی فائلوں سے نہ بھرے ہوں تو عدالت کا رعب ودبدبہ خاک میں مل جاتا ہے۔ اور یہ تو انتہائی معیوب حرکت ہے کہ جج کے پاس کوئی ذاتی حاجب یا نائب قاصد تک نہ ہو اور وہ اپنے لئے چائے بھی خود بنا کر لائے۔ سب سے اہم بات یہ کہ ڈنمارک کی عدالت ’’ریاست‘‘ کے دوسرے دو ستونوں، انتظامیہ اور مقننہ کو اپنا کھلا دشمن خیال کرتے ہوئے ہمیشہ انہیں نیزے کی نوک پر رکھے اور اُن کے اقدامات کو گھاس کے تنکے جیسی اہمیت بھی نہ دیا کرے۔ مناسب ہوگا کہ معزز مہمان کے لئے ایک خصوصی بریفنگ کا اہتمام کیا جائے جس میں عالی مرتبت ریٹائرڈ جج صاحبان، جسٹس ارشاد حسن خان، جسٹس ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار احمد، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن کو خاص طورپر مدعو کیاجائے تاکہ وہ ’’قانون کی حکمرانی‘‘ کے موضوع پر دانش وحکمت کے موتی بکھیریں۔ ان ساری تقریبات میں اس امر کا اہتمام ضروری ہے کہ جسٹس محمد احسن کو بولنے کا موقع نہ دیاجائے۔ مبادا وہ کوئی ایسا وائرس نہ چھوڑ جائیں جو ہماری صاف شفاف عدالتی فضا میں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بنے اور ہماری عدلیہ بھی ڈنمارک کی عدلیہ جیسی ہوجائے۔کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم محض’ ورلڈ جسٹس پروگرام‘ کا زینہ چڑھنے کے شوق میں ڈنمارک کی 364 سالہ روایات کا تعاقب کرتے ہوئے اپنی اٹھہتر سالہ درخشاں روایات کو بھی خاک میں ملا دیں۔

٭٭٭٭٭

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

WhatsAppFacebookTwitter پچھلی خبرکالا باغ ڈیم: میری کہانی میری زبانی کالا باغ ڈیم: میری کہانی میری زبانی قطر: دنیا کے انتشار میں مفاہمت کا مینارِ نور وہ گھر جو قائد نے بنایا پاکستان: عالمی افق پر ابھرتی طاقت پاکستانی فضائیہ: فخرِ ملت، فخرِ وطن انقلابِ قرض سے آزادی: خودمختاری کے نئے باب کی جانب TikTokTikTokMail-1MailTwitterTwitterFacebookFacebookYouTubeYouTubeInstagramInstagram

Copyright © 2025, All Rights Reserved

رابطہ کریں ہماری ٹیم.

ذریعہ

ذریعہ: Daily Sub News

کلیدی لفظ: احسن کو

پڑھیں:

لاہور کی رہائشی خاتون کی منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت منظور

سپریم کورٹ نے لاہور کی رہائشی خاتون کی منشیات برآمدگی کے کیس میں 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔

جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے لاہور کی رہائشی خاتون کے خلاف منشیات برآمدگی کے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت ملزمہ کے وکیل نے اے این ایف ریڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیج چلائی، عدالت نے ملزمہ کے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا فرانزک کرانے کا حکم دے دیا۔

کراچی: پنکی کے بعد مطلوب منشیات فروش خاتون شیریں گرفتار

پولیس کے مطابق ایک کیس میں ملزمہ کے قبضے سے دستی بم بھی برآمد ہوا تھا۔

ملزمہ کے وکیل احسن بھون نے کہا ہے کہ واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ اے این ایف اہلکار منشیات لے کر گھر آتا ہے، خود منشیات گھر میں رکھ کر جھوٹا کیس بنایا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا اہلکار کمرۂ عدالت میں موجود ہے۔

اے این ایف کے اہلکار نے فوٹیج میں موجودگی کی تردید کر دی۔

جس پر جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ اے این ایف کے اسلحہ بردار اہلکار تشدد کرتے نظر آرہے ہیں۔

اے این ایف کے وکیل نے کہا کہ یہ فوٹیج کسی اور گھر میں کیے گئے ریڈ کی ہے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ اے این ایف کے 10 اہلکار تھے مگر 2 لڑکیاں پھر بھی بھاگ گئیں، اتنے ہٹے کٹے اہلکار لڑکیوں کو نہیں پکڑ سکے مگر گاڑی پکڑ لی۔

ملزمہ  کے وکیل احسن بھون نے کہا کہ گاڑی کی ریکوری کا ریکارڈ بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے اے این ایف کے وکیل سے کہا کہ اے این ایف کے بیانات پر لوگوں کو پھانسی پر لٹکاتے اور عمر قید سناتے ہیں، خدا کا خوف کریں کمرۂ عدالت میں جھوٹ نہ بولیں۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ اے این ایف کیا کر رہا ہے، ملزمان تحویل میں ہوتے مار دیے جاتے ہیں، ایک کیس میں ملزم کی ہتھ کڑیوں کے ساتھ تصویر تھی جو اگلے روز مار دیا گیا، جوانی ہمیشہ نہیں رہنی کچھ خیال کیا کریں۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے اے این ایف کے اہلکار سے استفسار کیا کہ آپ نے کبھی چرس پی ہے؟ جس پر اہلکار نے کہا کہ نہیں سر میں نے کبھی چرس نہیں پی۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ چرس نہیں پی اس لیے آپ میں احساس بھی نہیں ہے، جس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

متعلقہ مضامین

  • سپریم کورٹ نے نشے کی حالت کو بنیاد بناکر مجرم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کرنے کی درخواست مسترد کر دی
  • گلگت میں ن لیگ کے ترقیاتی کاموں کا کوئی جماعت مقابلہ نہیں کرسکتی، احسن اقبال
  • نواز شریف گلگت بلتستان روانہ، انتخابی مہم میں حصہ لیں گے
  • سپریم کورٹ: اے پی ایس شہداء لواحقین کو پیکیج نہ ملنے پر وفاقی حکومت سے جواب طلب
  • سپریم کورٹ: 5 سالہ بچی سے زیادتی و قتل کے مجرم کی سزائے موت برقرار، فیصلہ سنا دیا گیا
  • سپریم کورٹ؛ اے این ایف اہلکار کے چرس پینے سے متعلق جواب پر جج کے دلچسپ ریمارکس پر قہقہے
  • کمسن بچی کے قتل کیس میں مجرم کی اپیل مسترد، سزائے موت برقرار
  • اے پی ایس شہدا کے لواحقین کو معاوضہ پیکج کی عدم ادائیگی، سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا
  • زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے سپریم کورٹ کا بڑا انتظامی فیصلہ
  • لاہور کی رہائشی خاتون کی منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت منظور