وزیر اعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ہمراہ
اشاعت کی تاریخ: 26th, September 2025 GMT
وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین جمعرات کو یہاں وائٹ ہائوس کے اوول آفس میں ملاقات ہوئی۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو بھی ملاقات میں شریک تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات سے قبل وائٹ ہائوس میں اپنی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان اور مسلح افواج کے سربراہ کی آمد سے صحافیوں کو پرجوش انداز میں مطلع کیا اور ان کیلئے توصیفی کلمات ادا کیے۔ انہوں نے وزیر اعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عظیم رہنما شہباز شریف اور پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ملاقات کیلئے آ رہےہیں ، دونوں بہترین شخصیات ہیں ، مجھے پہنچنے میں کچھ تاخیر ہو رہی ہے ، وہ خوبصورت اوول آفس پہنچ چکے ہیں، ابھی کچھ دیر میں ان سے ملاقات ہوگی۔ قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا امریکی صدر سے ملاقات کیلئے اینڈریو ایئر بیس پہنچنے پر ریڈ کارپٹ پر امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے شاندار استقبال کیا جس کے بعد وزیراعظم کا موٹرکیڈ امریکی سکیورٹی کے حصار میں ایئربیس سے روانہ ہوا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک گئے تھے جہاں وہ جمعہ کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم کی گزشتہ روز عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر بھی امریکی صدر سے ملاقات ہوئی تھی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: شہباز شریف امریکی صدر سے ملاقات
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔