بہار الیکشن میں این ڈی اے کی بڑی برتری، مودی کی ریاست پر گرفت مضبوط
اشاعت کی تاریخ: 14th, November 2025 GMT
بھارت کی ریاست بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو واضح برتری حاصل ہوگئی ہے۔
ابتدائی نتائج کے مطابق 243 رکنی اسمبلی میں این ڈی اے 199 نشستوں پر آگے ہے، جبکہ حکومت بنانے کے لیے 122 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بی جے پی 84 نشستوں پر سب سے آگے ہے، وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جماعت جنتا دل (یونائیٹڈ) کو 78 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ چراغ پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی 22 نشستوں پر آگے ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن اتحاد مہاگٹھ بندھن صرف 50 نشستوں پر بڑھت رکھے ہوئے ہے، جبکہ کانگریس اب تک 7 نشستیں حاصل کرسکی ہے۔
اس سے قبل وزیر داخلہ امیت شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ این ڈی اے 160 نشستیں جیت کر دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کرے گا۔ ابتدائی برتری کے بعد یونین منسٹر گری راج سنگھ نے کہا کہ بہار میں کامیابی کے بعد اب اگلا ہدف مغربی بنگال ہوگا۔
انتخابی نتائج یہ بھی طے کریں گے کہ آیا نتیش کمار مسلسل پانچویں بار وزیر اعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے یا نہیں۔
13 کروڑ آبادی والی بھارت کی غریب ترین ریاست بہار میں بے روزگاری اور غربت بڑے مسائل ہیں، جنہیں بنیاد بنا کر بی جے پی نے اپنی انتخابی مہم چلائی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ستمبر میں ریاست کے لیے 8 ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر بہار میں بی جے پی اتحاد کو کامیابی ملتی ہے تو مستقبل میں دیگر اہم ریاستوں میں بھی پارٹی کے لیے راستہ ہموار ہوسکتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نشستوں پر بہار میں کے مطابق
پڑھیں:
کراچی: ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے 3 طلبہ سمندر میں ڈوب کر جاں بحق
کراچی (نیوزڈیسک) منوڑہ کے ساحل پر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (ڈی یو ایچ ایس) کے فائنل ایئر کے تین طلبہ ڈوب کر جاں بحق جبکہ دیگر تین بچ گئے۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بچ جانے والے طلبہ کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، مزید بتایا گیا کہ 150 طلبہ پر مشتمل ایک گروپ ہاکس بے پر پکنک منانے گیا تھا، جبکہ اسی بیچ کے 15 طلبہ نے علیحدہ طور پر منوڑہ میں پکنک کی منصوبہ بندی کی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ ساحلی سیر ایک ’قدیم روایت‘ کا حصہ ہے جس میں فائنل ایئر کے طلبہ ایک ہفتہ جشن مناتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ایک طالب علم کے والد نے ایک ہٹ بک کرایا تھا، جہاں گروپ تفریح کے لیے گیا تھا۔یونیورسٹی انتظامیہ نے مزید کہا کہ 150 طلبہ کے لیے ہاکس بے جانے کا انتظام سیکیورٹی گارڈز اور تمام ضروری حفاظتی اقدامات کے ساتھ کیا گیا تھا۔
بیان میں وضاحت کی گئی کہ تاہم ڈاؤ میڈیکل کالج کی پرنسپل اور کالج انتظامیہ کو ان 15 طلبہ کی علیحدہ منوڑہ پکنک کے بارے میں اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ جو طلبہ ہاکس بے گئے تھے وہ بخیریت واپس کالج پہنچ گئے، جبکہ افسوسناک واقعہ منوڑہ میں پیش آیا۔
مزید بتایا گیا کہ دوپہر کے وقت ایک طاقتور لہر ایک طالب علم کو سمندر میں بہا لے گیا جبکہ دیگر اسے بچانے کے لیے آگے بڑھے تو حادثہ پیش آیا، جاں بحق طلبہ کی لاشیں کراچی کے سول ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والے تین دیگر طلبہ کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے زخمی طلبہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔