جے یو آئی نے 27ویں ترمیم کیخلاف ووٹ دے کر اپنی آئینی ذمہ داری نبھائی ہے، علامہ راشد سومرو
اشاعت کی تاریخ: 14th, November 2025 GMT
جنرل سیکرٹری جے یو آئی سندھ نے کہا کہ دین، دھرتی، معدنیات، وسائل، جزیروں، خواتین اور بچوں کی عزت و تحفظ کے لیے عوام کو آگے آنا ہوگا، اگر عوام وطن، دین اور غیرت کے تحفظ کے لیے متحد نہ ہوئے تو آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام سندھ کے قائد علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ ملک اور سندھ کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنا وقت کی ضرورت ہے اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے عوام کو میدانِ عمل میں آنا ہوگا، جے یو آئی نے 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ووٹ دے کر اپنی آئینی ذمہ داری نبھائی ہے۔ علامہ سومرو نے کہا کہ جن لوگوں نے سندھ کی زمینیں لوٹیں، انہیں تاحیات استثنی دینا سندھ کے لیے مزید نقصان دہ ہوگا، جے یو آئی ایسی ناانصافیوں کے خلاف کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو پوری زندگی مقدمہ نہ کھولنے، گرفتار نہ کرنے یا سزا نہ دینے کی ترمیم عدل و انصاف اور قانون کی بالادستی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی۔
علامہ سومرو نے ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین، دھرتی، معدنیات، وسائل، جزیروں، خواتین اور بچوں کی عزت و تحفظ کے لیے عوام کو آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام وطن، دین اور غیرت کے تحفظ کے لیے متحد نہ ہوئے تو آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کی بہتری، معیاری تعلیم کے فروغ اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور جے یو آئی عوامی امنگوں کی ترجمان جماعت ہے جو اسلامی نظام، عوامی خدمت اور معاشرتی انصاف کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ جلسے میں شریک لوگوں نے علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے حقوق اور وسائل کے تحفظ کے لیے جے یو آئی کی جدوجہد میں ہر سطح پر ساتھ دیں گے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کے تحفظ کے لیے نے کہا کہ جے یو آئی
پڑھیں:
کوئٹہ، سرکاری دفاتر میں ایجنٹس کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 14 افراد گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی ای نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔