کوئٹہ: سریاب میں ریلوے ٹریک دھماکے سے اڑ گیا، ٹرینوں کی آمدورفت معطل
اشاعت کی تاریخ: 29th, November 2025 GMT
کوئٹہ کے علاقے سریاب میں ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا اور جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم پہنچ گئی، جبکہ پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
قبل ازیں، کوئٹہ میں قمبرانی روڈ پر بھی دو دھماکے ہوئے تھے، جن میں پولیس چوکی اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، تاہم ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق پہلا دھماکا اس وقت ہوا جب نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکا۔ دوسرا دھماکا اسی علاقے میں دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے کیا گیا، جس کا مقصد پہلے دھماکے کی جگہ جانے والی سی ٹی ڈی کی گاڑی کو نشانہ بنانا تھا۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
نرس نے نومولود بچی کے ہاتھ کا انگوٹھا کاٹ دیا، والد نے پولیس میں درخواست دے دی
راولپنڈی:ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کی گائنی وارڈ کی نرسری میں زیرِ علاج 23 روزہ نومولود بچی کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا پراسرار طور پر کٹ جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جبکہ متاثرہ بچی کے والد نے واقعے پر پولیس کو درخواست دے دی ہے۔
متاثرہ بچی کے والد قیصر محمود نے بتایا کہ وہ ضلع اٹک کے رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے کارپینٹر ہیں۔ ان کے مطابق ان کی بیٹی کی پیدائش ہولی فیملی ہسپتال میں ہوئی تھی اور پیدائش کے بعد سے بچی کو نرسری میں رکھا گیا ہے۔
والد کا کہنا ہے کہ جب وہ آج اپنی 23 روزہ بیٹی سے ملنے ہسپتال پہنچے تو دیکھا کہ اس کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا کٹا ہوا تھا۔ انہوں نے فوری طور پر ڈاکٹروں سے اس بارے میں استفسار کیا۔
قیصر محمود کے مطابق ڈاکٹرز نے انہیں بتایا کہ انگوٹھا نرس سے غلطی سے کٹ گیا۔ تاہم ان کے بقول ہسپتال انتظامیہ نے صرف انکوائری کی یقین دہانی کرائی نہ واقعے کی وجہ واضح کی گئی اور نہ ہی اب تک کسی ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی گئی۔
متاثرہ والد نے انصاف کے لیے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے بعد ابتدائی چھان بین مکمل کر لی گئی ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اس سنگین واقعے پر ہولی فیملی ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔