وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب کو فون، سمندری طوفان سے نقصان پر افسوس، مدد کی پیشکش
اشاعت کی تاریخ: 6th, December 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کو ٹیلی فون کرکے حالیہ سمندری طوفان سے ہونے والی تباہی پر ملائشیا کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی عوام اور حکومت کی جانب سے حالیہ سمندری طوفان ڈاہ واہ کے باعث ہونے والی شدید بارشوں، سیلاب اور بھاری تودے گرنے کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانی و مالی نقصانات پر ملائشیا کے وزیراعظم سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متاثرہ و غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور بے گھر ہونے والوں کی جلد صحت یابی و بحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں ملائشین عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی و ہمدردی کا اظہار کیا اور ملائیشیا میں جاری امدادی اور ریسکیو کی کارروائیوں میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن مدد کی پیشکش بھی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملائشین حکومت کو امدادی کارروائیوں میں جس قسم کی بھی معاونت درکار ہو گی پاکستان فراہم کرے گا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں اظہار ہمدردی اور فکرمندی کے جذبات اور رابطہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کا اظہار کیا
پڑھیں:
آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کا ثمر ہے، وزیراعظم شریف
تصویر سوشل میڈیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے اقدامات اور پالیسیوں کا ثمر ہے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت آئی ٹی کے شعبے کی اسٹریٹیجک روڈ میپ پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ آئی ٹی کے شعبے کے تربیتی کورسز کی معتبر تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق انہوں نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل اسپیکٹرم کی دستیابی جون 2025 میں 274 میگا ہرٹز سے بڑھ کر جون 2026 میں 880 میگا ہرٹز ہوگئی۔
وزیراعظم کو ’’کنیکٹ پاکستان وژن 2030‘‘ کے اجراء کی تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024 میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026 میں 72 فیصد ہو گیا۔
بریفنگ کے مطابق جون 2026 تک 5.1 ملین گھروں میں فکسڈ براڈ بینڈ /فائبر کنکشن دیے گئے۔