ایران: میراتھن میں خواتین کی بغیر حجاب شرکت پر منتظمین گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 7th, December 2025 GMT
ایران میں خواتین کے بغیر حجاب میراتھن میں شریک ہونے پر ایونٹ کے منتظمین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حجاب کی پابندی کی مبینہ خلاف ورزی پر دو منتظمین کو گرفتار کیا گیا، یہ کارروائی اُس وقت ہوئی جب جنوبی ایران کے جزیرہ کِش میں جمعہ کو ہونے والی میراتھن کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلنے لگیں۔ ان تصاویر میں متعدد خواتین کو بغیر حجاب دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔
اس میراتھن میں الگ الگ مقابلوں میں 2 ہزار خواتین اور 3 ہزار مردوں نے حصہ لیا۔ رپورٹس کے مطابق کئی خواتین سرخ شرٹس پہنے ہوئے تھیں اور ان میں سے بعض نے سر بھی نہیں ڈھانپا ہوا تھا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔
تبدیلی کے حامیوں نے ان مناظر کو حکومتی پابندیوں کے خلاف خواتین کی جرأت کا مظہر قرار دیا، جبکہ حکام نے اسے قوانین کی خلاف ورزی اور نظام کے لیے چیلنج قرار دیا۔ ایرانی عدلیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے منتظمین کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔