دنیا کے عظیم ترین ناول نگاروں میں لیو ٹالسٹائی کا نام ہمیشہ سرفہرست رہے گا۔ روس کے اس بے مثال ادیب نے اپنے قلم کے ذریعے نہ صرف عالمی ادب کو نئی جہت عطا کی بلکہ انسان، اخلاقیات، معاشرت اور جنگ جیسے موضوعات کو ایسی گہرائی اور جامعیت کے ساتھ پیش کیا کہ بعد کے تمام فکشن نگار اس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔
ٹالسٹائی کی شخصیت ایک طلسماتی، پیچیدہ، متنوع اور ہمہ گیر دنیا رکھتی ہے—ایک ایسا ادیب جس میں فلسفیانہ گہرائی، اخلاقی سخت گیری، روحانی بے چینی، اور معاشرے کے کمزور طبقوں سے بے پناہ ہمدردی بیک وقت موجود تھیں۔ اْن کی تخلیقات — خصوصاً ’وار اینڈ پیس‘، ’اینا کارینینا‘ اور ’دی ڈیٹھ آف ایوان ایلیچ‘ — صرف ادبی شاہکار نہیں بلکہ انسان اور زندگی کے بنیادی سوالات کا ایسا تجزیہ ہیں جس میں صدیاں گزر جانے کے باوجود تازگی برقرار ہے۔
شاہانہ پس منظر سے فکری بغاوت تک
لیو نکولاوِچ ٹالسٹائی 1828ء میں روس کے ایک بڑے اور متمول جاگیردار خاندان میں پیدا ہوئے۔ یاسنایا پالیانا ان کی جائے پیدائش ہی نہیں بلکہ زندگی بھر ان کی فکری گھٹی، تخلیقی آماجگاہ اور روحانی سکون کا مرکز رہی۔ کم سنی ہی میں ماں باپ کے سائے سے محروم ہو جانے کے باوجود گھر کا ماحول علم، تہذیب اور اشرافیانہ نزاکتوں سے بھرا ہوا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ٹالسٹائی نے بچپن ہی میں مطالعہ، مشاہدہ اور تحریر کی جانب غیر معمولی دلچسپی دکھائی۔
کیڈٹ اسکول اور پھر یونیورسٹی کی تعلیم ادھوری رہ گئی، لیکن عملی زندگی کا آغاز فوج سے ہوا۔ قفقاز کے محاذ پر ان کی خدمات نے انہیں جنگ کی ہولناکیوں سے روشناس کرایا، اور یہی تجربہ بعد ازاں ان کے ناولوں میں حقیقت پسندی کے ساتھ جھلکتا ہے۔ فوجی زندگی نے ایک طرف انہیں شہرت دی، دوسری طرف دل میں انسان دوستی اور ظلم کے خلاف نفرت کے نقوش مزید گہرے کیے۔
شخصی تضادات
ٹالسٹائی کی شخصیت بظاہر تضادات سے بھری ہوئی ہے، لیکن یہی تضادات ان کی عظمت بنتے ہیں۔ وہ اشراف زادے بھی تھے اور کسانوں کے دکھ درد کے سب سے بڑے علمبردار بھی۔ وہ دنیا کے عظیم ترین ناول نگار ہیں مگر خود ناولوں اور ادب کو کبھی کبھار وقت کا ضیاع بھی کہتے رہے۔
وہ مذہب کے ناقد بھی تھے اور اخلاقی روحانیت کے داعی بھی۔ ان کی شخصیت کا سب سے نمایاں پہلو انسان دوستی اور اخلاقی ذمہ داری کا شدید احساس تھا۔ ٹالسٹائی کے مطابق زندگی کا حقیقی مقصد سچائی، محبت، عدم تشدد، اور انسان کی خدمت ہے۔ یہی نظریہ آگے چل کر گاندھی، مارٹن لوتھر کنگ اور دیگر تحریکوں کا فکری سرمایہ بنا۔
ادبی عظمت اور شاہکار تخلیقات
’’وار اینڈ پیس‘‘ نہ صرف ٹالسٹائی کا بلکہ عالمی ادب کا سب سے بڑا ناول سمجھا جاتا ہے۔ نپولین کی روس پر یلغار کے پس منظر میں لکھا گیا یہ ناول جنگ، امن، محبت، خاندان، سیاست، تاریخ، اور انسانی نفسیات کے ایسے پہلو بیان کرتا ہے جو کسی اور ادیب کے بس کی بات نہیں۔ کرداروں کی نفسیاتی گہرائی، واقعات کی وسعت، اور زندگی کی حرکیات کو بیان کرنے کا انداز ٹالسٹائی کو ایک منفرد تخلیق کار ثابت کرتا ہے۔ یہ ناول صرف ایک جنگی داستان نہیں بلکہ ’’انسان کیا ہے؟‘‘ اور ’’زندگی کا مفہوم کیا ہے؟‘‘ جیسے سوالات کا ادبی تجزیہ ہے۔
’’اینا کارینینا‘‘ کو دنیا بھر میں محبت کے المناک انجام کی بہترین مثال سمجھا جاتا ہے۔ ٹالسٹائی نے اس ناول میں انسانی خواہشات، سماجی پابندیوں، ازدواجی زندگی، اخلاقی کشمکش اور معاشرتی دوغلے پن کو جس نفاست سے برتا ہے، وہ انہیں دوستوئیفسکی اور فلابیر جیسے عظیم ادیبوں کی صف سے بھی آگے لے جاتا ہے۔ ناولٹ ’’دی ڈیٹھ آف ایوان ایلیچ‘‘ دکھاتا ہے کہ انسان اپنی زندگی گزارتے گزارتے اصل زندگی سے کتنا دور ہو جاتا ہے۔
موت کے قریب پہنچ کر ایوان ایلیچ کو احساس ہوتا ہے کہ اس نے پوری زندگی سماجی معیاروں کی غلامی میں گزار دی۔ ٹالسٹائی کا پیغام واضح ہے: ’’اصل زندگی وہ ہے جو انسان سچائی اور محبت کے ساتھ گزارے۔‘‘ ٹالسٹائی نے صرف ناول نہیں لکھے بلکہ اخلاقیات، تعلیم، زراعت، مذہب اور سماجی اصلاح پر بھی بے شمار تحریریں چھوڑیں۔ ان کے مذہبی نظریات نے روسی چرچ کے ساتھ تنازع پیدا کیا، حتیٰ کہ 1901ء میں انہیں چرچ سے خارج کر دیا گیا۔
مگر ٹالسٹائی کے نزدیک سچائی چرچ سے زیادہ مقدس تھی۔
ادبی اسلوب اور تخلیقی انفرادیت
ٹالسٹائی کے اسلوب کی چند خصوصیات بہت نمایاں ہیں۔ ان کی تخلیقات حقیقت نگاری کی اعلیٰ مثال پیش کرتی ہیں۔ وہ کرداروں کو خون، گوشت کے انسان بنا کر پیش کرتے ہیں، ان کی نفسیات، خواہشات، کمزوریاں اور تضادات سب حقیقت کے آئینے میں نظر آتے ہیں۔ان کے فکشن میں فطرت اور ماحول کی جیتی جاگتی تصویریں نظر آتی ہیں۔ روس کے میدانوں، جنگلوں اور دیہات کی منظرکشی ٹالسٹائی کا خاصہ ہے۔ ان کے الفاظ میں فطرت بھی کردار بن جاتی ہے۔ ان کی تحریر کی ایک اہم خصوصیت نفسیاتی تجزیہ بھی ہے۔ کردار کے ذہن اور دل میں کیا چل رہا ہے — ٹالسٹائی اسے اس باریکی سے بیان کرتے ہیں کہ قاری خود کردار کے ذہن میں داخل ہو جاتا ہے۔ ان کی ہر تحریر میں اخلاقی جہت نمایاں ہے، مگر یہ اخلاقیات خشک نہیں بلکہ انسان دوست اور فطری ہیں۔
ٹالسٹائی جب ادبی دنیا میں آئے تو روسی ادب پر گوگول، تورگینیف اور دستوئیفسکی جیسے بلند قامت نام موجود تھے۔ لیکن ٹالسٹائی نے اپنے تخلیقی دائرے اور اسلوب کی وسعت کے باعث سب سے منفرد اور ممتاز مقام حاصل کیا۔ دوستوئیفسکی انسان کی باطنی اور روحانی پیچیدگیوں کے بڑے آرٹسٹ تھے، لیکن ٹالسٹائی نے انسان کو اس کے پورے سماجی، نفسیاتی، اخلاقی اور تاریخی کردار کے تناظر میں پیش کیا۔ اگر دوستوئیفسکی ’’روح‘‘ کے ناول نگار ہیں تو ٹالسٹائی ’’زندگی‘‘ کے ناول نگار۔ تورگینیف کی نثر لطیف اور شاعرانہ ہے، مگر ٹالسٹائی کی تخلیقات میں جو وسعت، حرکیات اور زندگی کی نبض کا احساس ملتا ہے، وہ روسی ادب میں کہیں اور نہیں ملتا۔ ٹالسٹائی کو بالزاک، فلابیر، ڈکنز، اور گوئٹے جیسے عالمی ادیبوں کے برابر بلکہ ان سے آگے سمجھا جاتا ہے۔ ان کی فکری گہرائی، کرداروں کی وسعت اور انسانی تجربے کی جامعیت انہیں عالمی ادب کا سب سے بڑا حقیقت نگار بنا دیتی ہے۔
فکری تحریک اور عالمی اثرات
ٹالسٹائی کے افکار نے ادب، فلسفے، سیاست اور سماجیات پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ ان کے عدم تشدد کے نظریات نے مہاتما گاندھی، مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اور نیلسن منڈیلا جیسے رہنماؤں کی تحریکوں کو سمت دی۔ وہ انسانوں کے درمیان مساوات اور بھائی چارے کے سب سے بڑے مبلغ تھے۔ روس کے عام کسانوں کے لیے ان کی ہمدردی نے انہیں عوامی محبوبیت بھی عطا کی۔ ان کی تعلیمات آج بھی معاشرتی انصاف، اخلاقی ترقی اور روحانی سکون کے باب میں رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ٹالسٹائی صرف ایک ادیب نہیں بلکہ ایک عالمی اخلاقی رہنما کی حیثیت رکھتے ہیں۔
زندگی کے آخری برسوں میں ٹالسٹائی مکمل سادگی اختیار کر چکے تھے۔ شاہانہ زندگی ترک کر کے وہ ایک مسافر کی طرح روس بھر میں گھومتے پھرتے، انسانوں میں بھائی چارے اور اخلاقی اصلاح کا پیغام دیتے۔
1910ء میں بیماری کے باعث ایک ریلوے اسٹیشن آسٹاپو میں ان کا انتقال ہوا۔ ان کی موت بھی ان کی زندگی کی طرح ایک علامت بن گئی — ایک ایسا مسافر جو پوری زندگی سچائی کی تلاش میں رہا۔ ٹالسٹائی نے جو وراثت چھوڑی ہے، وہ صرف ناولوں اور کہانیوں کی صورت میں نہیں بلکہ ایک ایسے انسانی نظریے کی شکل میں ہے جو انسانیت، محبت، اخلاقیات اور انصاف کا درس دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹالسٹائی آج بھی جیتا جاگتا، بولتا ہوا ادیب ہے — جس کے ہر لفظ میں زندگی کی سانسیں محسوس ہوتی ہیں۔
لیو ٹالسٹائی کا شمار اْن چند ادیبوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ادب کو صرف تفریح یا جمالیاتی اظہار تک محدود نہیں رکھا، بلکہ اسے انسانی شعور کی ترقی، اخلاقی بیداری اور معاشرتی اصلاح کا وسیلہ بنا دیا۔ ان کی تخلیقات میں زندگی کا تنوع، انسان کی پیچیدگی، اور فطرت کی ہم آہنگی ایک ایسے ہمہ گیر انداز میں نظر آتی ہے کہ وہ آج بھی ہر نسل، ہر معاشرے اور ہر قاری کے لیے نئے معانی پیدا کرتی ہیں۔ اپنے وقت کے ادیبوں میں ٹالسٹائی اس لیے منفرد ہیں کہ انہوں نے دنیا کو صرف کہانی نہیں، بلکہ ’’انسان‘‘ دکھایا — اس کی کمزوریوں، عظمتوں، ناکامیوں اور امیدوں سمیت۔ ان کا مقام اس لیے بلند ہے کہ وہ صرف ایک بڑے ناول نگار نہیں بلکہ ایک عہد ساز مفکر بھی تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کی تخلیقات ناول نگار نہیں بلکہ کہ انسان زندگی کی زندگی کا انسان کی کے ساتھ بلکہ ان جاتا ہے روس کے
پڑھیں:
باب المندب بند۔ آگے کیا ہوگا؟
ایک نئی جنگ شروع ہوتی نظر آرہی ہے۔ یمن کے حوثیوں نے بحیرہ احمر سے باب المندب بند کر دیا ہے۔پہلے امریکا ایران جنگ کی وجہ سے دنیا جنگ کا شکار ہے۔ پوری کوشش کے باوجود امریکا آبنائے ہرمز نہیں کھلوا سکا۔آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے دنیا میں تیل کی قیمتیں اوپر جا رہی ہیں۔ اب باب المندب کی بندش تیل کی قیمتوں کو مزید اوپر لے کر جائے گی۔ جس کی وجہ تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ اور ایک بحرانی کیفیت بنتی نظر آرہی ہے۔
باب المندب کی بندش کے بعد حوثیوں نے سعودی عرب کے دو تیل کے ٹینکرز کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ ایک تیل کے ٹینکر کو میزائیل لگنے کی سعودی عرب نے تصدیق کر دی ہے۔ عالمی منڈی کا رحجان یہی رہا ہے کہ جب تیل کا ایک ٹینکر تباہ ہوتا ہے تو انشورنس ختم ہو جاتی ہے۔
کوئی کمپنی بھی اپنا جہاز وہاں سے گزارنے کے لیے تیار نہیں ہوتی۔ اس لیے حوثیوں کو باب المندب بند کرنے کے لیے دو جہاز ہی تباہ کرنے تھے ۔ باقی جہاز خود ہی آنے سے انکار کر دیں گے۔ اس لیے باب المندب بند ہوگیا ہے۔ اب جب تک یا تو حوثی اس کو کھولنے کا اعلان نہ کریں یا حوثیوں کی اس کو بند کرنے کی صلاحیت ختم نہ ہوجائے تب تک یہ کھل نہیں سکتا۔
حوثیوں کی جانب سے بندش کے اعلان کے بعد پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی ایک شدید سخت بیان جاری کیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ اگر کسی پاکستانی جھنڈے کے حامل جہاز پر حملہ کیا گیا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔اس کے علاوہ باب المندب کی بندش کی مذمت بھی کی گئی تھی اور اس کے خلاف سخت رد عمل جاری کیا گیا تھا۔ لیکن اس بیان کے اگلے ہی دن سعودی عرب کے دو جہازوں پر حملہ کر دیا گیا ہے۔ یہ درست ہے کہ یہ پاکستانی جہاز نہیں تھے۔ لیکن یہ سعودی عرب کے جہاز تھے اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک دفاعی معاہدہ بھی تھا۔
باب المندب بند کرنا لگتا ہے ایران کے لیے ناگزیر تھا۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کم ہی سہی لیکن ایک مناسب مقدار میں اپنا تیل بحیرہ احمر سے برآمد کر رہے تھے۔ اس لیے ان کی تیل کی برآمد چل رہی تھی۔ کنویں بند نہیں ہو رہے تھے۔ وہاں کوئی خاص بحران نہیں تھا۔
دنیا کو بھی تیل مل رہا تھا اور ایسی خبریں آرہی تھیں کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ایسی تیل کی لائنیں بچھا رہے ہیں کہ اگلے دو سال میں ان کا آبنائے ہرمز پر انحصار ختم ہو جائے گا۔ وہ اپنا سارا تیل بحیرہ احمر سے برآمد کرنے کی پوزیشن میں ہونگے۔ یہ تیاری ایران کے آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھنے کی اہمیت کو کم کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔ اس لیے شائد ایران کو بھی سمجھ آگئی ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز سے جو بھی فائدہ اٹھانا ہے اس کی مدت کم ہے۔ عرب ممالک بالخصوص سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات متبادل بندوبست تیزی سے کر رہے ہیں۔
شائد اسی لیے ایران نے بھی حوثیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ باب المندب بند کر دیں ۔ کیونکہ ایران کے پاس بھی وقت کم ہے۔ویسے بھی چند دن پہلے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر نے ان کی طرف سے یہ بیان دیا تھا کہ اگر امریکا نے ایران پر بمباری بند نہ کی تو ایران جنگ کو وسیع کر دے گا۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ باب المندب بند کرنا جنگ کو وسیع کرنے کی ایک شکل ہے۔ جنگ پھیل گئی ہے۔ ایران جنگ کو پھیلانا چاہتا تھا تو اس نے پھیلا دی ہے۔
باب المندب سے دنیا کے تیل کی سات فیصد ترسیل ہوتی ہے۔ اس لیے سات فیصد کی ترسیل بند ہو گئی ہے۔ لیکن یہ صرف اتنی بات نہیں کئی ماہ سے یو اے ای اور سعودی عرب کے درمیان جاری سرد جنگ بھی یک دم ختم ہوگئی ہے۔ باب المندب بند ہونے کی خبر کیا آئی سعودی عرب اور یو اے ای میں صلح ہوگئی دونوں کے وزراء نے ایک دوسرے کے ساتھ تصویر پوسٹ کر دیں کہ ہم بھائی ہیں۔ آبنائے ہرمز کی بندش تو انھیں اکٹھا نہیں کر سکی لیکن باب المندب کی بندش نے انھیں اکٹھا کر دیا۔ اب آگے کا منظر نامہ کیا ہو سکتا ہے۔ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان ایک دفاعی معاہدہ موجود ہے۔
اگر سعودی عرب باب المندب کھلوانے کے لیے حوثیوں کے ساتھ جنگ شروع کرتا ہے اور جواب میں حوثی سعودی عرب پر حملہ کرتے ہیں تو پاکستان اپنے دفاعی معاہدہ کے تحت سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہونے کا پابند ہوگا۔ کیسے اور کتنا، اس سوال کا ابھی تک کسی کے پاس کوئی جواب نہیں۔ لیکن حوثیوں نے یہ خبردار کیا ہے کہ اگر ان پر کسی بھی قسم کا کوئی بھی حملہ کیا گیا تو وہ سعودی عرب کی تیل اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔ایک عمومی رائے یہ ہے کہ اتنی سخت بمباری کے باوجود امریکا آبنائے ہرمز نہیں کھلوا سکا تو کیا صرف بمباری سے باب المندب کھلوایا جا سکے گا۔ حوثی بھی جواب میں میزائل ماریں گے۔
یہ درست ہے کہ ان کے پاس ایران جتنے میزائل نہیںہیں۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ان کے پاس میزائل ہیں۔ انھوں نے ماضی میں اسرائیل اور سعودی عرب پر میزائیل مارے بھی ہیں۔ شاید حوثیوں کو یہ لگ رہا ہے کہ جیسے ایران کی دیگر پراکسیوں کو ختم کیا جا رہا ہے۔ اگر وہ اس جنگ سے باہر رہتے ہیں تو بعد میں ان کی باری بھی آئے گی۔ اس لیے جنگ میں شامل ہونے کا یہ بہترین وقت ہے۔ باب المندب اور آبنائے ہرمز کا معاملہ اکٹھے طے کیا جائے، مل کر بات کی جائے، اس سے طاقت بڑھ جائے گی۔
اب سوال یہی ہے کہ پاکستان ایران امریکا لڑائی میں تو غیر جانبدار رہا۔ جس کی وجہ سے وہ آج تک ثالث ہے۔ لیکن کیا وہ باب المندب کی بندش اور سعودی عرب اور حوثیوں کی لڑائی میں بھی غیر جانبدار رہے گا۔ عملی طور پر یہ ممکن نظر نہیں آرہا۔ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ اس کے علاوہ کوئی اور حل نظر نہیں آرہا۔ امریکا ایران میں مصروف ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باب المندب کھلوانے کے لیے کردار ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لیکن پہلی ترجیح ایران ہی ہوگا۔ ایسے میں یہ لڑائی فی الحال سعودی عرب کو خود ہی لڑنی ہوگی۔ اگر پاکستان اس لڑائی میں شریک ہوتا ہے تو پھر اس کی ثالث کی پوزیشن بھی ختم ہو جائے گی۔ ایران پاکستان کو بھی لڑائی میں فریق سمجھے گا۔ خدشہ ہے کہ پاکستان بھی نہ چاہتے ہوئے لڑائی میں شامل ہو جائے گا۔ ہم پہلے بھی ایران کو بتا چکے ہیں کہ سعودی عرب ہماری ریڈ لائن ہے۔ لیکن شائد حوثی پاکستان کی اس بات کو نہیں سمجھیں گے، وہ سعودی عرب پر حملے کریں گے۔
اس تناظر میں دیکھا جائے تو لڑائی وسیع ہو رہی ہے۔ ایک خطرناک منظر نامہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ حوثیوں کے خلاف لڑائی میں پاکستان سعودی عرب ، یو اے ای ، امریکا اور اسرائیل مل کر لڑ رہے ہوں۔ یہ بھی لڑائی کی کوئی اچھی شکل نہیں ہوگی۔ لیکن اس کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ممکن ہے۔