سڈنی حملے کے بعد آسٹریلیا میں اسلحہ قوانین مزید سخت کرنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 15th, December 2025 GMT
کینبرا: آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے سڈنی کے بونڈی بیچ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد ملک میں اسلحہ قوانین مزید سخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
گزشتہ روز سڈنی کے بونڈی بیچ پر دو مسلح افراد نے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 کے قریب زخمی ہو گئے۔ واقعے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا۔
وزیراعظم انتھونی البانیز نے ایک بیان میں کہا کہ ہتھیار رکھنے کے لائسنس ہمیشہ کے لیے نہیں ہونے چاہئیں اور حکومت اس حوالے سے سخت اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں میں سے ایک کے پاس چھ ہتھیار رکھنے کا قانونی لائسنس موجود تھا، جس نے موجودہ قوانین پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
آسٹریلوی وزیر داخلہ کے مطابق فائرنگ میں ملوث ایک شخص طالب علم ویزا پر آسٹریلیا آیا تھا جبکہ اس کا بیٹا آسٹریلیا میں ہی پیدا ہوا تھا۔ واقعے کے پس منظر اور محرکات پر تحقیقات جاری ہیں۔
سڈنی حملے کے بعد حکومت نے ملک بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جس کے دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے باپ، بیٹا جاں بحق، دوسرا بیٹا زخمی
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے باپ اور بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ دوسرا بیٹا زخمی ہوگیا، واقعہ ذاتی لڑائی جھگڑے کے باعث پیش آیا۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے روزی گوٹھ میں دو برادریوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جو ذاتی نوعیت کا تھا۔
اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے باپ اور اس کا ایک بیٹا دم توڑ گئے جبکہ دوسرا بیٹا زخمی ہے جس کی حالت تشویشناک ہے اور عباسی شہید اسپتال میں زیر علاج ہے۔
ایس ایس پی غربی نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پر حاصل کردہ معلومات کے مطابق فائرنگ عظیم نامی شخص نے کی جو فرار ہوگیا اس کی تلاش میں پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔