صدرِ وینزویلا کی گرفتاری: امریکا نے ماضی میں کن عالمی رہنماؤں کو حراست میں لیا؟
اشاعت کی تاریخ: 4th, January 2026 GMT
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی امریکی افواج کے ہاتھوں گرفتاری نے ایک بار پھر عالمی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس اقدام کے بعد مادورو ان چند عالمی رہنماؤں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جنہیں امریکا نے براہِ راست گرفتار کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق، ہفتے کی صبح امریکا نے وینزویلا میں ایک غیر معمولی فوجی کارروائی کی، جس میں امریکی ڈیلٹا فورس کے اہلکاروں، جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ اس کارروائی کے دوران صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے گرفتار کر کے امریکا منتقل کیا گیا۔
ٹرمپ کا دعویٰ: مادورو کو بیڈ روم سے گرفتار کیا گیاصدر ٹرمپ نے نیوز بریفنگ میں دعویٰ کیا کہ اس خفیہ آپریشن کی تیاری دسمبر کے اوائل میں مکمل کر لی گئی تھی اور ضرورت پڑنے پر مزید حملوں کے لیے بھی امریکا تیار ہے۔
ان کے مطابق مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں ان پر منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔
تاریخی طور پر امریکا نے بہت کم مواقع پر کسی غیر ملکی سربراہِ مملکت کو گرفتار کیا ہے، تاہم جب بھی ایسا ہوا، اس کے اثرات نہ صرف متعلقہ ملک بلکہ پورے خطے پر مرتب ہوئے۔
ذیل میں ان نمایاں عالمی رہنماؤں کا ذکر کیا جا رہا ہے جنہیں مادورو سے قبل امریکا نے گرفتار کیا:
1: مینول نوریگا (پاناما)1989 میں امریکی افواج نے پاناما پر حملہ کر کے سابق فوجی حکمران مینول نوریگا کو گرفتار کیا۔
نوریگا ایک وقت میں امریکا کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے تھے، تاہم بعد میں ان پر منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے۔
انہیں امریکا کے شہر میامی منتقل کیا گیا، جہاں مقدمہ چلنے کے بعد قید کی سزا سنائی گئی۔
بعد ازاں نوریگا کو پاناما واپس بھیج دیا گیا، جہاں وہ 2017 میں جیل میں انتقال کر گئے۔
دسمبر 2003 میں امریکی افواج نے عراق کے سابق صدر صدام حسین کو گرفتار کیا۔ یہ گرفتاری امریکا کی قیادت میں عراق پر حملے کے تقریباً 9ماہ بعد عمل میں آئی۔
امریکا اور اس کے اتحادیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ صدام حسین کے پاس کیمیائی اور ممکنہ طور پر جوہری ہتھیار موجود ہیں، جو عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
یہ دعویٰ بعد میں ثابت نہ ہو سکا، تاہم عراقی عدالت نے صدام حسین کے خلاف مقدمہ چلایا اور 2006 میں انہیں پھانسی دے دی گئی۔
لاطینی امریکی ملک ہونڈوراس کے سابق صدر جووان اورلینڈو ہرنانڈیز کو 2022 میں منشیات اور بدعنوانی کے الزامات پر امریکا منتقل کیا گیا۔
اگرچہ یہ معاملہ بھی خاصا متنازع رہا، تاہم بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2025 کے آخر میں انہیں معافی دے دی۔
نیا موڑ، نئے سوالاتنکولس مادورو کی گرفتاری نہ صرف امریکا اور وینزویلا کے تعلقات میں ایک فیصلہ کن موڑ ہے بلکہ اس نے بین الاقوامی قوانین، ریاستی خودمختاری اور طاقت کے استعمال سے متعلق کئی سوالات کو بھی جنم دیا ہے۔ عالمی برادری کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ اس پیش رفت کے خطے اور عالمی سیاست پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
امریکا جووان اورلینڈو ہرنانڈیز ڈونلڈ ٹرمپ صدام حسین مینول نوریگا وینزویلا وینزویلا کے صدر نکولس مادورو.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: امریکا ڈونلڈ ٹرمپ مینول نوریگا وینزویلا وینزویلا کے صدر نکولس مادورو عالمی رہنماؤں گرفتار کیا امریکا نے منتقل کیا کیا گیا
پڑھیں:
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ٹرمپ کا نیا حربہ، عالمی درآمدات پر نئے ٹیرف کا نفاذ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ جمعہ سے پاکستان، یورپی یونین اور دنیا کے دیگر 60 تجارتی شراکت داروں سے درآمد ہونے والی متعدد اشیا پر 10 اور 12.5 فیصد کے نئے درآمدی محصولات (ٹیرف) نافذ کر رہی ہے۔
امریکی حکومت کا مؤقف ہے کہ متعلقہ ممالک اپنی سپلائی چینز میں جبری مشقت کے خاتمے کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
نئے ٹیرف کا اعلان امریکی فیڈرل رجسٹر میں جاری نوٹس کے ذریعے کیا گیا۔ یہ محصولات اس عارضی 10 فیصد عالمی ٹیرف کی جگہ لیں گے جو امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد 150 روز کے لیے نافذ کیا گیا تھا اور جس کی مدت جمعہ کو ختم ہو رہی ہے۔
امریکی سپریم کورٹ نے رواں برس فروری میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ سال قومی ہنگامی اختیارات کے تحت عائد کیے گئے 10 سے 50 فیصد تک کے باہمی ٹیرف غیر مؤثر قرار دے دیے تھے۔ ان ٹیرف کا مقصد امریکا کے تجارتی خسارے کو کم کرنا تھا، تاہم عدالت کے فیصلے کے بعد انتظامیہ نے اب 1974ء کے ٹریڈ ایکٹ کی سیکشن 301 کے تحت نئے محصولات نافذ کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے، جسے قانونی طور پر زیادہ مضبوط تصور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے ٹرمپ ٹیرف: عالمی مارکیٹ میں کس ملک کو کتنا نقصان ہوا؟
امریکی حکام کے مطابق نئے محصولات امریکا کی تقریباً 99.4 فیصد درآمدات پر لاگو ہوں گے، تاہم متعدد اہم اشیا کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ ان میں خام تیل، قدرتی گیس، کھاد، بعض غذائی اجناس، جبکہ قومی سلامتی کے تحت پہلے سے سیکشن 232 کے محصولات کی زد میں آنے والی گاڑیاں، اسٹیل، ایلومینیم اور تانبا شامل ہیں۔ اسی طرح امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے آزاد تجارتی معاہدے (USMCA) کے تحت آنے والی متعدد مصنوعات بھی ان نئے محصولات سے مستثنیٰ ہوں گی۔
امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا تقریباً ایک صدی سے جبری مشقت سے تیار کردہ مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کیے ہوئے ہے اور ان قوانین پر سختی سے عمل کرتا ہے۔ ان کے بقول اب وقت آ گیا ہے کہ امریکا کے تجارتی شراکت دار بھی اسی معیار پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ ہو اور عالمی تجارت میں غیر منصفانہ مقابلے کا سدباب کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جن ممالک نے امریکا کے ساتھ پہلے ہی تجارتی معاہدے کر رکھے ہیں اور جن کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیرف کی حد مقرر ہے، ان پر نئے محصولات اس حد سے تجاوز نہیں کریں گے۔
پاکستان سمیت کن ممالک پر 10 فیصد ٹیرف؟حتمی فیصلے کے مطابق پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، برطانیہ، کینیڈا، میکسیکو، ملائیشیا، انڈونیشیا، کمبوڈیا، سری لنکا، ارجنٹینا، ایکواڈور، گوئٹے مالا، ہونڈوراس، اردن، ایل سلواڈور، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور دیگر کئی ممالک سے آنے والی متعلقہ مصنوعات پر 10 فیصد کا نیا ٹیرف عائد کیا جائے گا، جبکہ بعض دیگر تجارتی شراکت داروں پر 12.5 فیصد شرح بھی نافذ ہوگی۔
عالمی ردعملآسٹریلیا اور برازیل نے امریکی اقدام کو غیر ضروری اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں کریں گے۔
کینیڈا نے، جس پر چند روز قبل ہی تقریباً 20 ارب ڈالر مالیت کی مصنوعات پر نئے امریکی ٹیرف عائد کیے گئے تھے، محتاط ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر امریکا کے ساتھ تعمیری مذاکرات جاری رکھے گا۔
کینیڈا کے وزیر برائے امریکا تجارت ڈومینک لی بلانک نے کہا کہ دونوں ممالک آنے والے ہفتوں میں اس مسئلے سمیت دیگر تجارتی معاملات پر بات چیت جاری رکھیں گے تاکہ دونوں ملکوں کے شہریوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ادھر امریکی ریاست میساچوسٹس کی ڈیموکریٹک گورنر مورا ہیلی نے نئے محصولات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے اشیا مہنگی ہوں گی، کاروباری اداروں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور امریکی معیشت کی مسابقتی صلاحیت بھی متاثر ہوگی۔
قانونی ماہرین کی رائےتجارتی قانون کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ نئے محصولات کی شرح بڑی حد تک ان عارضی ٹیرف سے ملتی جلتی ہے جو اب ختم ہو رہے ہیں، تاہم چونکہ انہیں سیکشن 301 کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے، اس لیے عدالت میں ان کے خلاف قانونی چیلنج پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے ٹرمپ ٹیرف اسٹاک مارکیٹ لے بیٹھا، کملا ہیرس کی پیشگوئی سچ ثابت
ماہرین کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اس قانونی راستے کے ذریعے نہ صرف تقریباً تمام درآمدات پر کم از کم 10 فیصد ٹیرف برقرار رکھنا چاہتی ہے بلکہ مستقبل میں ضرورت پڑنے پر ان کی شرح میں ردوبدل کرنے کا اختیار بھی اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی اس وسیع تجارتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد امریکی صنعت کو تحفظ فراہم کرنا، سپلائی چینز میں جبری مشقت کے خاتمے کے لیے دباؤ بڑھانا اور درآمدی تجارت پر سخت نگرانی برقرار رکھنا ہے، تاہم ناقدین خبردار کر رہے ہیں کہ اس سے عالمی تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ اور امریکی صارفین کے لیے درآمدی اشیا مہنگی ہونے کا خدشہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ٹرمپ ٹیرف