محمود خان اچکزئی کا بیان ملک دشمن سیاست کا پردہ چاک کر چکا ہے، اکبر ایس بابر
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2026 GMT
اسلام آباد:
پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی کا ’’دو چار ماہ بعد کچھ علاقے علیحدگی کا اعلان کر دیں گے‘‘ کا بیان، اس شخص کی ملک دشمن سیاست کا پردہ چاک کر چکا ہے۔
محمود اچکزئی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ محمود اچکزئی کے بیان سے ’’بلی تھیلے سے باہر آگئی‘‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شخص جب اقتدار میں ہوتا ہے تو نہ آئین خطرے میں ہوتا ہے اور نہ ہی پاکستان؟ شرط صرف یہ ہے کہ پورا خاندان اقتدار کے مزے لوٹے۔ اور جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو ’’اے پی ڈی ایم اے‘‘ سے لیکر ’’پی ڈی ایم‘‘ اور اب ’’تحفظ آئین‘‘ کے نام سے کسی نہ کسی سیاسی اتحاد کا حصہ بن کر اپنی ملک دشمن سیاست زندہ رکھتے ہیں۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ محمود خان اچکزئی مفاد پرست سیاست کی علامت ہے جس نے عوام کو محض بدحالی جبکہ موقع پرست سیاست دانوں اور ان کے خاندانوں کو خوشحال بخشی ہے۔ ایسے شخص کو ’’لیڈر آف دی اپوزیشن‘‘ تعینات کرنے کا سوچنا بھی گناہ ہے۔
بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ اس مفاد پرست ملک اور عوام دشمن سیاست سے ہمیشہ کے لئے نجات حاصل کی جائے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اکبر ایس بابر دشمن سیاست
پڑھیں:
بھارت امن دشمن ہے، جموں و کشمیر نہ اُس کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ ہی داخلی معاملہ، پاکستان
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی جانب سے بھارت کو مؤثر جواب دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت خود امن دشمن ہے، جموں و کشمیر نہ اُس کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ ہی داخلی معاملہ۔
قرارداد 2788 کے تناظر میں تنازعات کے پرامن حل پر مباحثے کے دوران پاکستان مشن کی قونصلر صائمہ سلیم نے حق جواب میں کہا کہ ایک وفد نے تنازعات کے پُرامن حل پر ہونے والی بحث کو حقائق مسخ کرنے، انکار اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے متاثر کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا امن کا درس دینا مضحکہ خیز ہے، جو خود بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی، ہمسایوں کے خلاف جارحیت اور خطے میں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا مرتکب ہے۔
پاکستانی مندوب برائے اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر نہ بھارت کا نام نہاد اٹوٹ انگ ہے اور نہ داخلی معاملہ؛ بھارت کا انکار اس تنازع کی بین الاقوامی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ بھارت خود جموں و کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں لے کر آیا تھا، مگر آج اسی کونسل کی قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے۔ قراردادوں کی کوئی میعاد ختم نہیں ہوتی۔
قونصلر صائمہ سلیم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے حالات میں واضح فرق ہے۔ ایک طرف سیاسی آزادی ہے، دوسری طرف جبر، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقوق کا استعمال اور حقوق سے محرومی ایک جیسی چیزیں نہیں ہو سکتیں۔ کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا بھارتی فیصلہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور سے بے اعتنائی کا مظہر ہے۔
پاکستانی مندوب نے حق جواب میں کہا کہ دریائے سندھ کا پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگی کا ذریعہ ہے، جنگ کا ہتھیار نہیں۔ ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات علاقائی امن کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا متاثرہ ملک ہے؛ ہزاروں بے گناہ شہریوں کی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد حقیقی ہے۔
قونصلر صائمہ سلیم کا کہنا تھا کہ بھارت سے منسلک دہشت گردی کے نیٹ ورک علاقائی حدود سے نکل کر عالمی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ کلبھوشن یادیو کیس اس کا ایک واضح ثبوت ہے۔ بھارت میں ہندوتوا پر مبنی انتہا پسند نظریات نے اسلاموفوبیا کو ریاستی پالیسی کا رنگ دے دیا ہے، جبکہ اقلیتیں امتیازی سلوک اور جبر کا سامنا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اشتعال انگیزی اور جارحیت کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، مذاکرات کا راستہ کھلا رکھا اور تنازعات کے پُرامن حل کو ترجیح دی۔ جنوبی ایشیا میں امن کا راستہ انکار یا ہٹ دھرمی نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پاسداری سے ہو کر گزرتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ قرارداد 2788 پر اس کی روح اور متن کے مطابق عمل کرے، اپنے معاہداتی وعدے پورے کرے اور جموں و کشمیر تنازع کے پُرامن حل کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرے۔