انڈیگو ایئرلائنز کی پرواز میں بم کی اطلاع، طیارے کی لکھنؤ میں ہنگامی لینڈنگ، 230 مسافر محفوظ
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2026 GMT
نئی دہلی:بھارت میں نئی دہلی سے باگڈوگرا جانے والی انڈیگو ایئرلائنز کی ایک پرواز میں بم کی اطلاع ملنے پر طیارے کو لکھنؤ ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز میں عملے کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 230 افراد سوار تھے، تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔
رپورٹس کے مطابق بم کی اطلاع طیارے کے واش روم میں موجود ایک ٹیشو پیپر پر ہاتھ سے لکھے گئے نوٹ کے ذریعے سامنے آئی، جس کے بعد طیارے کے عملے نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔ حفاظتی خدشات کے پیش نظر پائلٹ نے قریبی ایئرپورٹ لکھنؤ پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔
طیارہ جیسے ہی لکھنؤ ایئرپورٹ پر اترا، سکیورٹی ادارے اور ایئرپورٹ انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں آ گئی۔ تمام مسافروں کو طیارے سے بحفاظت اتار لیا گیا اور انہیں مرحلہ وار سکیورٹی چیک اور اسکیننگ کے عمل سے گزارا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق مسافروں کے سامان کی بھی مکمل جانچ کی گئی تاکہ کسی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔
بعد ازاں طیارے کو ایئرپورٹ کے مرکزی حصے سے دور ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، جہاں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر سکیورٹی ٹیموں نے طیارے کی مکمل تلاشی لی۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران طیارے کے اندر اور باہر ہر حصے کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تلاشی میں کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا تاہم بم کی اطلاع کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ واش روم میں نوٹ کس نے اور کس مقصد کے تحت رکھا۔
انڈیگو ایئرلائنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے اور اسی اصول کے تحت فوری اور درست اقدامات کیے گئے۔ ایئرلائن نے مسافروں کو درپیش پریشانی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کلیئرنس کے بعد پرواز کے بارے میں مزید فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں بھارتی ہوابازی کے شعبے میں بم کی جھوٹی اطلاعات کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث سکیورٹی ادارے ہر اطلاع کو حقیقی خطرہ سمجھتے ہوئے سخت اقدامات کرتے ہیں۔ اس واقعے نے ایک بار پھر فضائی سفر کے دوران سکیورٹی انتظامات کی اہمیت کو اجاگر کر دیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل بم کی اطلاع
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی بار سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ شروع
حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور نگرانی کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
ڈرون مانیٹرنگ کے دوران جھنگ کے تریموں بیراج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی جبکہ پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال، پانی کی آمد اور دریائی کناروں پر کٹاؤ کا جائزہ لیا گیا، جہاں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق رہا۔
سرگودھا میں دریائے چناب پر واقع طالب والا پل، خانیوال میں ہیڈ سدھنائی بیراج اور ہیڈ ورکس، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں رسول بیراج پر بھی ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی گئی۔ حکام کے مطابق ساہیوال کے علاقے کتب شہانہ کے قریب نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سیالکوٹ کے ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔