پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان بڑے مالی معاہدے، ترقیاتی منصوبوں کے لیے 603 ملین ڈالر کی فراہمی
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2026 GMT
پاکستان کی معیشت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بین الاقوامی مالی تعاون میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان سینکڑوں ملین ڈالر مالیت کے ترقیاتی معاہدے طے پا گئے ہیں۔ یہ معاہدے نہ صرف مواصلاتی نظام کو مضبوط بنانے بلکہ سماجی شعبے کے اہم منصوبوں کی مالی معاونت کے لیے بھی سنگِ میل قرار دیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور چین کے مابین 4.
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان مجموعی طور پر 603 ملین ڈالر مالیت کے تین معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق یہ معاہدے اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے بعد باضابطہ طور پر طے پائے۔
سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک ان معاہدوں کے تحت پاکستان کو تقریباً 603 ملین ڈالر کے قرضے فراہم کرے گا۔ ان میں ایک اہم معاہدہ ایم-6 سکھر-حیدرآباد موٹروے کے ایک حصے کی تعمیر سے متعلق ہے، جس کا مقصد ملک کے مواصلاتی نیٹ ورک کو بہتر بنانا اور علاقائی رابطہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
اعلامیے کے مطابق قرضوں کا ایک بڑا حصہ سماجی شعبے کے منصوبوں پر بھی خرچ کیا جائے گا، جن میں انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے لیے غربت سے نجات کا منصوبہ شامل ہے۔ یہ منصوبہ منتخب انتہائی پسماندہ اضلاع اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نافذ کیا جائے گا۔
اسی طرح ایک اور معاہدے کے تحت آزاد جموں و کشمیر میں اسکول سے باہر بچوں کے منصوبے کی مالی معاونت کی جائے گی، جس کا مقصد تعلیمی مواقع تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 189 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے کموڈٹی فنانسنگ کی مد میں قلیل مدتی مالیات کے طور پر کیے گئے 700 ملین ڈالر کے ایک اور عہد کے تحت رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں اب تک 383.78 ملین ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ مالی تعاون پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول اور سماجی و معاشی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان اور ملین ڈالر کے مطابق کے لیے
پڑھیں:
معاشی سرگرمیوں میں تیزی، کے الیکٹرک صنعتی صارفین کا بجلی استعمال ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا
کراچی: ملک میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے ساتھ کے الیکٹرک صنعتی صارفین کی جانب سے بجلی کے استعمال نے نئی بلند ترین سطح حاصل کر لی۔ مالی سال 2026 کے دوران کے الیکٹرک کے صنعتی فیڈرز پر بجلی کی مجموعی کھپت 6 ارب 8 کروڑ یونٹس (6.08 ارب یونٹس) ریکارڈ کی گئی، جو ادارے کی تاریخ میں کسی بھی مالی سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔
کے الیکٹرک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صنعتی بجلی کی طلب میں یہ نمایاں اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کراچی کی صنعتوں کو مسلسل، قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی نے صنعتی پیداوار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طہٰ نے کہا کہ صنعتی بجلی کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ حکومت پاکستان، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور کراچی کی صنعتی برادری کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کے بہتر ماحول، صنعتی سرگرمیوں میں تیزی اور کاروباری اعتماد میں اضافے نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اور کے الیکٹرک 2013 سے صنعتی فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھے ہوئے ہے تاکہ صنعتوں کی پیداوار اور برآمدات متاثر نہ ہوں۔
بی تھری کیٹیگری میں سب سے زیادہ بجلی استعمال
اعلامیے کے مطابق سب سے زیادہ بجلی کا استعمال بی تھری (B3) کیٹیگری میں ریکارڈ کیا گیا، جس میں 501 سے 5 ہزار کلوواٹ تک بجلی استعمال کرنے والی صنعتیں شامل ہیں۔ اس زمرے میں سیمنٹ، اسٹیل، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور دیگر بڑے صنعتی شعبے شامل ہیں۔
ماہانہ بنیاد پر جون 2026 میں صنعتی بجلی کی کھپت سب سے زیادہ رہی، جبکہ اپریل 2026 دوسرے نمبر پر رہا۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد سے زائد اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں صنعتی صارفین نے 5.04 ارب یونٹس بجلی استعمال کی تھی، جبکہ مالی سال 2026 میں یہ مقدار بڑھ کر 6.08 ارب یونٹس تک پہنچ گئی، جو 20 فیصد سے زائد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
اس سے قبل مالی سال 2022 میں صنعتی بجلی کی کھپت 5.84 ارب یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم رواں مالی سال میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
349 نئے صنعتی کنکشنز فراہم
کے الیکٹرک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران 349 نئے صنعتی کنکشنز جاری کیے گئے، جبکہ 273 صنعتی صارفین نے اپنے بجلی کے لوڈ میں اضافہ کیا، جس سے مجموعی طور پر 168 میگاواٹ اضافی طلب قومی گرڈ میں شامل ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کو کیپٹو پاور پلانٹس سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کی پالیسی، معاشی بحالی اور صنعتی پیداوار میں اضافے نے بھی بجلی کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ صنعتی فیڈرز کی ریکوری کی شرح تمام صارفین کے مختلف زمروں میں سب سے بہتر رہی، جو بروقت بلوں کی ادائیگی اور لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ کے درمیان مضبوط تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔
کے الیکٹرک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کی صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی آئندہ بھی اس کی اولین ترجیح رہے گی تاکہ ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھا جا سکے۔