کوئٹہ، ملازمین کے احتجاج پر دوسرے روز بھی پولیس کا دھاوا، درجنوں ملازمین گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2026 GMT
گزشتہ روز پولیس کی کارروائی کے بعد آج بھی سرکاری ملازمین احتجاج کرنے جمع ہوئے تو کوئٹہ پولیس کے اہلکار ان پر ٹوٹ پڑے اور بلوچستان گرینڈ الائنس کے رہنماء عبدالقدوس کاکڑ سمیت درجنوں رہنماؤں کو گرفتار کر لیا۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان گرینڈ الائنس کے احتجاج کے خلاف کوئٹہ پولیس کی جانب سے دوسرے روز بھی کارروائی کی گئی۔ پولیس نے گرینڈ الائنس کے آرگنائزر پروفیسر عبدالقدوس کاکڑ سمیت حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والے درجنوں ملازمین کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے مطالبات کے حق میں بلوچستان کے سرکاری ملازمین کی اتحادی تنظیم بلوچستان گرینڈ الائنس کی جانب سے گزشتہ روز ریڈ زون کوئٹہ میں دھرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ پولیس نے گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے درجنوں ملازمین کو گرفتار کیا۔ تاہم ملازمین نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے کی کال دی۔ آج بھی مظاہرین جمع ہوئے تو کوئٹہ پولیس کے اہلکار ان پر ٹوٹ پڑے اور بلوچستان گرینڈ الائنس کے رہنماء عبدالقدوس کاکڑ سمیت درجنوں رہنماؤں کو گرفتار کر لیا۔ گرینڈ الائنس نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری ملازمین پر تشدد بھی کیا گیا، جبکہ پروفیسر قدوس کاکڑ کو بھی زخمی کرکے گرفتار کیا گیا۔ دوسری جانب سرکاری دفاتر میں سرکاری ملازمین کے احتجاج کے باعث نظام رک چکا ہے، جبکہ حکومت ملازمین سے مذاکرات کے بجائے طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: بلوچستان گرینڈ الائنس گرینڈ الائنس کے سرکاری ملازمین کو گرفتار
پڑھیں:
کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ: قومی ٹیم نے دوسرے روز بنگلا دیش کو شکست دے دی
کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی پاکستان کا جادو سر چڑھ کر بولا، قومی ٹیم نے بنگلادیش کو کسی بھی مرحلے پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور مسلسل تین سیٹ جیت کر 0-3 سے شاندار فتح اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ 16-25 سے جیتا، دوسرے سیٹ میں بھی سبز ہلالی پرچم بلند رکھا اور 17-25 سے کامیابی سمیٹی۔
تیسرے سیٹ میں بنگلادیش نے بھرپور مزاحمت کی، مگر پاکستانی کھلاڑیوں نے اعتماد اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 22-25 سے فتح حاصل کی اور میچ بغیر کوئی سیٹ گنوائے تین صفر سے اپنے نام کر لیا۔
قومی ٹیم کی یہ مسلسل دوسری فتح کاوا چیمپئن شپ میں پاکستان کے مضبوط عزائم کا واضح اعلان ہے جبکہ شاندار کارکردگی نے ٹائٹل کی دوڑ میں پاکستان کو مزید مضبوط امیدوار بنا دیا۔