اپنا گھر بچوں کے نام کرنے پر پچھتاوا، ترنم ناز کا جذباتی انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2026 GMT
پاکستان کی معروف کلاسیکل اور غزل گلوکارہ ترنم ناز نے ایک حالیہ ٹی وی شو میں شرکت کے دوران اپنی زندگی کے سب سے بڑے دکھ کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اپنی محنت کی کمائی سے بنایا گیا گھر بچوں کے نام کرنا ان کی سب سے بڑی غلطی ثابت ہوا، جس کا رنج انہیں مرتے دم تک رہے گا۔ ترنم ناز نے بتایا کہ انہوں نے زمین خرید کر دل سے اپنا گھر تعمیر کیا اور اس وقت بچوں کی کم عمری کے باعث یہ سوچ کر گھر ان کے نام کردیا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، مگر وقت گزرنے کے ساتھ حالات بدل گئے۔ ان کے مطابق جب بچے بڑے ہوئے اور شادی کے بعد گھر میں حصے کا مطالبہ کرنے لگے تو انہیں احساس ہوا کہ والدین کی حیثیت اس وقت مضبوط ہوتی ہے جب جائیداد اپنے نام ہو۔ گلوکارہ نے کہا کہ اگرچہ بچے اب بھی تابعدار ہیں، تاہم گھر اپنے نام ہونے کی صورت میں صورتحال مزید بہتر ہوسکتی تھی۔ واضح رہے کہ ترنم ناز اپنی پاورفل آواز، کلاسیکل گانوں اور پی ٹی وی کے یادگار نغمات کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں، وہ استاد عاشق حسین کی شاگردہ رہ چکی ہیں اور انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس جیسے اعلیٰ اعزاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
’میری قبر پہلے ہی تیار ہے‘، موت کی تیاریوں سے متعلق عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کا حیران کن بیان
پاکستان کے لیجنڈری گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنی زندگی سے متعلق ایک ایسا انکشاف کیا ہے جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ معروف گلوکار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے آبائی علاقے عیسیٰ خیل میں اپنی قبر پہلے ہی تیار کروا رکھی ہے اور وہ آخرت کی تیاری کو زندگی کا اہم ترین حصہ سمجھتے ہیں۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں صارفین اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے حال ہی میں صحافی ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی، موسیقی اور ذاتی خیالات پر کھل کر گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی قبر پہلے ہی تیار کروا رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے آخرت کی تیاری کر لی ہے۔ میری قبر عیسیٰ خیل میں تیار ہے، مکمل بن چکی ہے۔ اگر آپ میری زندگی میں آئیں گے تو میں آپ کو دکھا دوں گا ورنہ بعد میں خود ہی دیکھ لیں گے۔ ہمارا اپنا خاندانی قبرستان بھی ہے، جہاں میں نے اپنے لیے ایک قبر مخصوص کر رکھی ہے۔ اس کے ساتھ چند جگہیں اور بھی ہیں جن میں سے ایک کے بارے میں میں نے مذاق میں کہا تھا کہ وہ میری اہلیہ کے لیے ہے لیکن ساتھ ہی کہا کہ مذاق کر رہا ہوں حقیقت میں صرف اپنی قبر محفوظ کروائی ہے۔ اللہ ہم سب پر رحم فرمائے۔
گلوکار نے قبر کے بارے میں بتایا کہ یہ خیال اس وقت آیا جب میں نے ایک فارم ہاؤس اور مسجد تعمیر کروائی۔ پھر سوچا کہ میرے لیے بھی ایک جگہ ہونی چاہیے۔ میں اپنے کئی قریبی دوستوں، عزیزوں، خاندان کے افراد اور اپنی والدہ کو کھو چکا ہوں، اسی لیے موت کا خیال ہمیشہ ذہن میں رہتا ہے۔ میری صرف یہی دعا ہے کہ اللہ مجھے پُرسکون موت عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں: عطااللہ عیسیٰ خیلوی کس کے لکھے گانے گا کر مشہور ہوئے؟
عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آنے لگیں۔ ایک صارف نے لکھا قبر پہلے سے بنوانا درست نہیں البتہ کفن کی تیاری کی جا سکتی ہے۔
ایک اور نے تبصرہ کیا صرف قبر تیار کر لینا کافی نہیں، اصل تیاری آخرت کی ہونی چاہیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ان کا ایمان مضبوط ہے، ہم تو قبر کا ذکر کرنے سے بھی گھبراتے ہیں جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا قبر بنانے کے بجائے اگر اولڈ ایج ہوم بنا دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
عطااللہ عیسیٰ خیلوی عیسیٰ خیلوی عیسیٰ خیلوی قبر قبر گلوکار ویڈیو وائرل