سندھ حکومت کا کسانوں کے لیے یوریا کھاد پر سبسڈی کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2026 GMT
سندھ حکومت نے گندم کے کاشتکاروں کو ریلیف دیتے ہوئے یوریا کھاد پر سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیرِ زراعت سردار محمد بخش مہر کے مطابق یہ سبسڈی سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام کے تحت صرف تصدیق شدہ کسانوں کو دی جائے گی۔
وزیر زراعت نے بتایا کہ سبسڈی کی ادائیگی کا آغاز 2 فروری 2026 (پیر) سے ہوگا، جبکہ دوسرے مرحلے کے لیے یوریا کھاد کی مد میں 12 ارب روپے سے زائد رقم سندھ بینک کو منتقل کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ 12 ہزار 171 تصدیق شدہ کسانوں کی فہرست بھی سندھ بینک کو ارسال کر دی گئی ہے، تاکہ ادائیگی کا عمل شفاف اور بروقت مکمل کیا جا سکے۔
سردار محمد بخش مہر کے مطابق گندم کے تصدیق شدہ کاشتکار فی ایکڑ 8 ہزار روپے یوریا سبسڈی کے طور پر سندھ بینک یا دیگر متعلقہ بینکوں سے حاصل کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کا ایک اور کیس رپورٹ، 18 ماہ کے بچے میں بیماری کی تصدیق
فائل فوٹو۔ولیکا اسپتال کراچی میں ایچ آئی وی کا ایک اور نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ اسپتال حکام کے مطابق 18 ماہ کے بچے میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق ایچ آئی وی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 95 ہوگئی ہے۔
بچے کے والد کے مطابق 18 ماہ کا عبد الصمد دسمبر 2025 میں ولیکا اسپتال میں زیر علاج تھا، مسلسل طبیعت خراب رہنے پر بچے کا ایچ آئی وی کا ٹیسٹ کروایا۔
والد کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کروانے پر بچے میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی۔ میرے 5 بچے ہیں، باقی بچوں کے بھی ٹیسٹ کروائیں گے۔
اسپتال حکام کے مطابق ایچ آئی وی سے اب تک 9 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔