بہاولپور، سانحہ اسلام آباد کیخلاف شیعہ تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلی
اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2026 GMT
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے، یہ سانحہ صرف اہلِ تشیع نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے دل پر کاری ضرب ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع بہاولپور، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بہاولپور اور دیگر شیعہ تنظیموں کے زیرِاہتمام پرامن احتجاجی ریلی مرکزی شیعہ جامع مسجد چاہ فتح خاں سے فرید گیٹ تک نکالی گئی، جس میں مرد و خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ خدیجہ الکبری میں پیش آنے والے دلخراش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ صرف اہلِ تشیع نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے دل پر کاری ضرب ہے۔ مقررین نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ دارالحکومت جیسے حساس شہر میں اس نوعیت کا واقعہ ریاستی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کر کے اصل مجرموں اور سہولت کاروں کو بلاامتیاز قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ ریلی سے ڈاکٹر نوید محسن چوہان ضلعی آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین ضلع بہاولپور، سید احسان حیدر ممبر صوبائی آرگنائزر کمیٹی، علی مصدق ریجنل صدر آئی ایس او جنوبی پنجاب، سینئر رہنما خواجہ مرید حسین، ذاکر اہلیبیت سید نوبہار شاہ، صدر عزاداری کونسل بہاولپور نادر بخاری، رہنما پاکستان پیپلزپارٹی محمد فاروق علی مغل نے خطاب کیا۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
قادر آباد بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، چناب میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا
محکمہ انہار کے مطابق قادر آباد بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 45 ہزار 234 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 41 ہزار 415 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ اسلام ٹائمز۔ دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد قادر آباد بیراج پر اونچے جبکہ مرالہ اور خانکی بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد ایک لاکھ 95 ہزار 856 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 60 ہزار 108 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خانکی بیراج پر پانی کی آمد ایک لاکھ 65 ہزار 438 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 60 ہزار 108 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق قادر آباد بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 45 ہزار 234 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 41 ہزار 415 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔