16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق اقدامات پر حکومت سے جواب طلب
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2026 GMT
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال میں نقصانات کے اثرات سے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر وفاقی حکومت سے 3 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بھی پیش رفت رپورٹ طلب کی ہے۔
کم عمر بچے اکبر خان شنواری کی والد کے ذریعے دائر درخواست پر تحریری حکم جاری کیا گیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، پی ٹی اے اور پیمرا کو پیرا وائز کمنٹس جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق سوشل میڈیا ریگولیشن، مانیٹرنگ اور پیکا کی حالیہ ترامیم پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی جائے، جبکہ کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے حوالے سے بنایا گیا ریگولیٹری فریم ورک اور عمر کے جائزے کے میکنزم کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے آئینی مینڈیٹ پر بھی آگاہ کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کے مطابق بچوں کو آن لائن نقصانات کے اثرات سے تحفظ فراہم کرنا اہمیت کا حامل ہے، جبکہ بغیر ریگولیشن سوشل میڈیا کا استعمال بچوں کے لیے خطرناک ہے۔
عدالت نے کہا کہ بغیر ریگولیشن بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے ذہنی مرض اور پرائیویسی کی خلاف ورزی کے ایشوز بھی ہیں۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق دنیا بھر میں قوانین بنے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال
پڑھیں:
ٹیسلا نے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی، قیمت کتنی ہے؟
اسلام آباد: معروف امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی ہے، جسے جدید ڈیزائن اور ہلکے وزن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ٹیسلا بچوں کی بیلنس بائیک مضبوط مگر ہلکے میگنیشیم فریم پر مشتمل ہے، جبکہ اس میں بچوں کی سہولت کے لیے ایڈجسٹ ہونے والی نشست بھی دی گئی ہے۔ بائیک کے سائیڈ پر ٹیسلا کا نام اور سامنے نمایاں T لوگو بھی موجود ہے۔
یہ بائیک روایتی سائیکل سے مختلف ہے کیونکہ اس میں نہ پیڈل موجود ہیں، نہ موٹر اور نہ ہی بریک۔ بچے اپنے پیروں کی مدد سے اسے چلاتے ہیں، جس سے ان میں توازن برقرار رکھنے اور سائیکل چلانے کی بنیادی مہارت پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
کمپنی نے اس منفرد بائیک کی قیمت 225 امریکی ڈالر مقرر کی ہے، جو عام بیلنس بائیکس کے مقابلے میں زیادہ ہے، کیونکہ مارکیٹ میں ایسی بیشتر بائیکس تقریباً 100 ڈالر میں دستیاب ہوتی ہیں۔
قیمت نسبتاً زیادہ ہونے کے باوجود یہ بائیک فروخت کے آغاز کے فوراً بعد آؤٹ آف اسٹاک ہو گئی، جس سے صارفین کی غیر معمولی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔
ٹیسلا کے مطابق نئی کھیپ کے لیے 31 جولائی سے پری آرڈر دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ بائیک 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کے لیے موزوں ہے۔ اس کے استعمال کے لیے بچے کی ٹانگ کی کم از کم لمبائی 13.7 انچ (35 سینٹی میٹر) ہونی چاہیے، جبکہ تجویز کردہ زیادہ سے زیادہ وزن 30 کلوگرام اور قابل برداشت زیادہ سے زیادہ وزن 35 کلوگرام رکھا گیا ہے۔
ٹیسلا نے یہ بھی بتایا کہ بائیک کی اسمبلنگ کے لیے درکار تمام ضروری اوزار پیکج میں شامل ہوں گے، جبکہ صارفین کو مکمل ہدایات پر مشتمل استعمال کا کتابچہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق بچوں کی مصنوعات کی مارکیٹ میں ٹیسلا کی یہ نئی پیشکش کمپنی کی برانڈ توسیع کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے وہ گاڑیوں کے علاوہ دیگر صارفین کی مصنوعات میں بھی اپنی موجودگی مضبوط بنا رہی ہے۔