انٹر یونیورسٹی ڈیجیٹل کانٹینٹ مقابلہ عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر اختتام پذیر
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2026 GMT
عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر منعقد ہونے والا انٹر یونیورسٹی ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایشن مقابلہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ مقابلہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ (رفاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیا سائنسز) اور ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس میں جڑواں شہروں کی مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔
اختتامی تقریب اور شرکا
اختتامی تقریب میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد، ڈائریکٹر پروگرامز ریڈیو پاکستان مس مسرت شارخ، اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان راولپنڈی عاطف اپنی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئے، جبکہ اساتذہ، میڈیا پروفیشنلز اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی ستائش
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ رفاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیا سائنسز ڈاکٹر ریاض عادل نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ایک قومی اثاثہ ہے جو قومی اور ملی تشخص کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی اور کہا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
ریڈیو کی تاریخی اور سماجی اہمیت
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے خطاب میں ریڈیو کی تاریخی اور سماجی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو نے قیامِ پاکستان سے قبل اور بعد میں عوام کی آواز بن کر قومی یکجہتی اور آگاہی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل دور میں بھی ریڈیو جیسے مؤثر میڈیم کی اہمیت کو سمجھیں اور ذمہ دارانہ ابلاغ کو فروغ دیں۔
ریڈیو پاکستان کا تعاون اور اشتراک
ڈائریکٹر پروگرامز ریڈیو پاکستان مس مسرت شارخ نے کہا کہ پاکستان میں ابلاغ کا سب سے مضبوط اور مؤثر ذریعہ آج بھی ریڈیو ہے۔ انہوں نے رفاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیا سائنسز اور ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے اشتراک کو سراہا اور کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات نوجوانوں کو میڈیا کے مثبت اور تعمیری استعمال کی جانب راغب کرتی ہیں۔
نمایاں کارکردگی پر انعامات
اختتامی تقریب کے دوران مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں پرفارمنس بیس سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: ریڈیو پاکستان انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے میڈیا کیلیے ضابطہ اخلاق جاری
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے انتخابات 2026 کے لیے نیا میڈیا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، پالیسی کا مقصد انتخابی عمل میں شفافیت، غیرجانبداری اور ذمہ دارانہ صحافتی روایات کو یقینی بنانا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام میڈیا اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی کوریج کے دوران مکمل غیرجانبداری کا مظاہرہ کریں اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر صرف مجاز میڈیا نمائندوں کو کوریج کی اجازت ہوگی تاہم پولنگ بوتھ کے اندر ووٹنگ کی خفیہ کارروائی کی کسی بھی قسم کی ریکارڈنگ یا فوٹوگرافی سختی سے ممنوع ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ ختم ہونے سے قبل کسی بھی قسم کے ایگزٹ پول، نتائج یا رجحانات نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ نفرت انگیز، اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد نشر کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔
اسی طرح غلط، غیر مصدقہ یا گمراہ کن معلومات نشر کرنا بھی ممنوع قرار دیا گیا۔تمام امیدواروں کو انتخابی کوریج میں مساوی اور منصفانہ نمائندگی دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعلقہ میڈیا ادارے کی ایکریڈیٹیشن منسوخ کی جا سکتی ہے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
کمیشن نے تمام میڈیا اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ انتخابی عمل کے اعتماد اور شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔