ہماری انا اور سیاسی پارٹی سے بڑا پاکستان ہے، طلال چوہدری
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2026 GMT
فائل فوٹو
وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری انا اور سیاسی پارٹی سے بڑا پاکستان ہے، جس کا مفاد ہمارے لیے سب سے پہلے ہے۔
اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں 4 ماہ میں 2 بم دھماکے ہوئے، دونوں بم دھماکوں میں افغانستان ملوث تھا، دوسرے بم دھماکے کے ہینڈلر خیبر پختونخوا نوشہرہ سے پکڑے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسلام آباد جیل مکمل ہونے پر منتقلی کا واضح پیغام دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کےلیے تمام سیاسی جماعتیں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہوں،جب ہم مل کرکام کریں گے تو چاہے کوئی بھی شہر ہو، دہشت گردی کہیں نہیں ہو سکتی۔
وفاقی وزیر مملکت نے مزید کہا کہ میں کسی کو الزام نہیں دیتا ہمیشہ یہی کہا کہ یہ قومی کاز ہے، سیکیورٹی فورسز قربانیاں دے رہی ہیں، کارروائی کر رہی ہیں، اس میں کوئی شک نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت کمی سیاسی جماعتوں اور اس کے پیچھے ایک بیانیے کے ساتھ کھڑے ہونے کی ہے، اگر ہم سب اکٹھے ہو جائیں تو دہشت گردی بس دِنوں کی مار ہے۔
طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ہم یہ جنگ جیت رہے ہیں، ان شاء اللہ جلد جیت جائیں گے اگر سیاسی فورسز اس کے پیچھے کھڑی ہوں، ہمیں ہر آئے دن بہتری کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیزیں بہتر ہو رہی ہیں، خیبر پختونخوا میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے، اجلاس میں وزیراعظم، وزیر داخلہ وہاں گئے، وزیراعلیٰ یہاں وزیراعظم کو ملنے آئے، اجلاس میں دہشت گردی پر بات ہوئی ہے، یہ قومی مسئلہ ہے، جب سارے لوگ احساس کریں گے تو یہ مسائل پھر حل ہوں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: طلال چوہدری نے کہا کہا کہ
پڑھیں:
کسی سیاسی جماعت کا نمائندہ نہیں، آئین کے مطابق قومی ذمہ داری نبھاؤں گا: گورنر سندھ نہال ہاشمی
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ گورنر کے منصب پر رہتے ہوئے اپنی تمام ذمہ داریاں آئینِ پاکستان کے مطابق ادا کریں گے اور ان کی حیثیت کسی سیاسی جماعت کے نمائندے کی نہیں بلکہ وفاق کی آئینی ذمہ داریاں نبھانے والے عہدیدار کی ہوگی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایڈیٹرز کلب کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صحافت، تعلیم، گورننس اور سندھ کو درپیش مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریاں ادا کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر ہاؤس میں بیٹھ کر وہ معاشرے کے تمام طبقات کے لیے یکساں طور پر دستیاب رہیں گے اور کسی بھی فیصلے میں سیاسی یا لسانی وابستگی کو بنیاد نہیں بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ لسانی تعصبات سے بالاتر ہو کر سندھ کے تمام شہریوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور بطور گورنر ان کا کردار صوبے کے مختلف طبقات کے درمیان ہم آہنگی، اعتماد اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔
صحافت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ سوشل میڈیا اور ریلز کلچر نے معلومات کی ترسیل کا انداز بدل دیا ہے، تاہم اس تبدیلی کے ساتھ پیشہ ورانہ صحافت کے بنیادی اصولوں کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنجیدہ صحافت کی بنیادی ذمہ داری تحقیق، حقائق اور عوامی مفاد کو مقدم رکھنا ہے۔
انہوں نے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ادارتی پالیسیوں اور ایڈیٹوریل گائیڈ لائنز کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ نئے آنے والے رپورٹرز کی بہتر تربیت کی جا سکے۔ ان کے بقول صحافیوں کو یہ سکھانا وقت کی اہم ضرورت ہے کہ وہ متعلقہ، بامقصد اور مؤثر سوالات کریں، کیونکہ معیاری سوال ہی معیاری صحافت کی بنیاد بنتا ہے۔
گورنر سندھ نے تعلیم کے شعبے کو اپنی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور معیار کی بہتری کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے اپنی طرزِ حکمرانی پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ گورنر ہاؤس ہی میں رہائش پذیر ہیں، اس لیے غیر ضروری پروٹوکول کے قائل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سرکاری رہائش گاہ موجود ہے تو غیر ضروری نقل و حرکت اور بڑے پروٹوکول کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ سادگی، کفایت شعاری اور عوامی سہولت کو ترجیح دینا ہی بہتر طرزِ حکمرانی ہے۔
ملاقات کے دوران وفد کے ارکان نے بھی میڈیا کو درپیش چیلنجز، صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، تعلیم اور گورننس سے متعلق مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر صحافتی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعمیری مکالمے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
گورنر سندھ نہال ہاشمی