کمانڈر ایف سی این اے کا دیامر کا دورہ، سکیورٹی صورتحال کا جائزہ
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2026 GMT
کمانڈر نے واضح کیا کہ بوشیداس واقعے میں ملوث دہشت گرد اور انتہاپسند عناصر کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا اور دہشت گردی کا مکمل قلع قمع کیا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ کمانڈر ایف سی این اے نے دیامر کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران کمانڈر ایف سی این اے نے تانگیر کا فضائی جائزہ لیا اور بوشیداس ایف ڈبلیو او کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمانڈر نے حالیہ دہشت گردی کے بزدلانہ واقعے میں شہید ہونے والے اہلکار کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں کمانڈر نے اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کی جس میں دیامر اور کوہستان کے انتظامی امور اور سیکیورٹی اداروں کے اعلی حکام نے خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمانڈر نے واضح کیا کہ بوشیداس واقعے میں ملوث دہشت گرد اور انتہاپسند عناصر کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا اور دہشت گردی کا مکمل قلع قمع کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جو بھی دہشت گرد علاقے کے امن اور اہم ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے، انہیں سخت اور فیصلہ کن انجام تک پہنچایا جائے گا۔ آخر میں کمانڈر ایف سی این اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے، پائیدار قیامِ امن اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کمانڈر ایف سی این اے جائے گا
پڑھیں:
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت، فوری انصاف، مؤثر گورننس اور شفاف احتساب کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کے عوام دوست وڑن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکمے شہریوں کے مسائل کے بروقت، پائیدار اور مؤثر حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون پر شہریوں کی شکایات اور مسائل براہِ راست سنے اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تعمیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور ہر جائز شکایت پر فوری، منصفانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنے کے بجائے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ہر شکایت پر ہونے والی عملی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے ازالے میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جوابدہی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔