اسلام آباد ایئرپورٹ سے کروڑوں کی منشیات دبئی اسمگل کرنے والا مسافر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 19th, May 2025 GMT
راولپنڈی:
ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کر کے مزید قانونی معاملات کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی جانے والی ایک پرواز کی بریفنگ جاری تھی کہ اسی دوران محمد عاقب علی نامی مسافر ایئرپورٹ پہنچا۔ مسافر نے اپنے سامان کے ساتھ ایک موٹرسائیکل کا انجن بھی بطور پارسل شامل کر رکھا تھا۔ اے ایس ایف کے عملے نے معمول کی اسکیننگ کے دوران انجن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے اس کی تلاشی لی۔
تلاشی کے دوران انکشاف ہوا کہ موٹرسائیکل کے انجن کے اندر نہایت مہارت سے ساڑھے 4 کلو گرام آئس (کرسٹل میتھ) چھپائی گئی تھی، جس کی قیمت بین الاقوامی منڈی میں کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ اے ایس ایف حکام نے فوری طور پر منشیات کو قبضے میں لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس بات کی تحقیقات جاری ہے کہ ملزم اس نیٹ ورک کا حصہ ہے یا محض ایک سہولت کار کے طور پر استعمال ہوا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں شوہر کے ساتھ موٹرسائیکل چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ملزمہ گرفتار
سولچر بازار پولیس نے موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سولچر بازارپولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث خاتون ملزمہ سحر بتول زوجہ کاشف خان کو گرفتار کرلیا
۔پولیس کے مطابق ملزمہ کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔گرفتار ملزمہ اپنے شوہر کے ہمراہ موٹرسائیکل لفٹنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔
دونوں میاں بیوی کو موٹر سائیکل لے جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزمہ کے قبضے سے موٹر سائیکل نمبر KQX-2361 میکر سپر اسٹار 70 برآمد کرلی گئی۔
گرفتارملزمہ اورفرار شوہر کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج، مزید تفتیش جاری ہے۔