آذربائیجان کی پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، معاہدے پر دستخط
اشاعت کی تاریخ: 5th, July 2025 GMT
BAKU:
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سرمایہ کاری شراکت داری میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور آذربائیجان کی جانب سے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کرلیے گئے ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور وزیر اعظم کی موجودگی میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیر معیشت میکائل جباروف نے آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے اقتصادی شعبے میں مجموعی طور پر 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کے موقع پر پاکستانی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھا۔
وزیر اعظم اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان آج خانکندی میں خوش گوار ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے مابین معاہدے پر دستخط ہوئے اور حتمی و مفصل معاہدے پر آذری صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات تاریخی سطح پر پہنچ گئے ہیں اور یہ معاہدہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ اور تجارتی شراکت داری کی مزید مضبوطی کی ضمانت ثابت ہوگا۔
وزیر اعظم کے حالیہ دورے سے قبل نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، پاکستانی سفارتی مشن اور وفود کی سطح پر اس معاہدے کے پہلو طے ہوئے اور دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مزید تبادلہ پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان معاہدے پر دستخط اور آذربائیجان دونوں ممالک کے سرمایہ کاری
پڑھیں:
ای سی او کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات
اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علییف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کی مثالی میزبانی پر آذربائیجان کے صدر کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 27 سے 29 مئی 2025 کو آذربائیجان کے شہر لاچین کے حالیہ دورے کے دوران پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر صدر علییف اور آذربائیجان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کو آذربائیجان کی جانب سے دی جانے والی مستقل حمایت پر صدر الہام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بھی مشکل وقت میں آذربائیجان کی مسلسل حمایت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کے امکانات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی شراکت داری بالخصوص آذربائیجان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ بات چیت، باہمی تعلقات کی مزید مضبوطی میں معاون ثابت ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے صدر الہام کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔