پنجاب کے مختلف اضلاع میں برسات، لاہور میں 6 گھنٹے سے بارش جاری
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
لاہور میں آج صبح سے ہونے والی مسلسل بارش نے جل تھل کر دیا۔
بارش سے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا اور کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں۔
لاہور میں اب تک 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے۔
ایم ڈی واسا غفران احمد نے بارش کے دوران کئی نشیبی علاقوں کے دورے کیے، انہوں نے واسا کے عملے کو تمام مرکزی شاہراہیں جلد از جلد کلیئر کرنے کی ہدایات دیں۔
لیسکو حکام کےمطابق بارش سے لیسکو کے 142 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
سی ای او لیسکوکا کہنا ہے کہ بارش رُکتے ہی متاثرہ فیڈرزسے بجلی بحالی کے کام کا آغاز کردیا جائے گا، انہوں نے شہریوں کو بجلی کے کھمبوں اور دیگر تنصیبات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 13جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور واسا سمیت دیگر ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں، نشیبی علاقوں سے پانی کے نکاس کو جلدازجلد ممکن بنائیں۔
اس کے علاوہ شہر یوں کو کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
لاہور میں 6 گھنٹے سے مسلسل بارش ہورہی ہے، عظمیٰ بخاریوزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور میں 6 گھنٹے سے مسلسل بارش ہو رہی ہے، واسا اور ضلعی انتظامیہ کی تمام ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ لاہور کے تمام انڈر پاسز کلیئر ہیں، چند نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاس کا کام جاری ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: نشیبی علاقوں لاہور میں
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔