سیالکوٹ میں بارش نے تباہی مچادی، 355 ملی میٹر بارش ریکارڈ، مزید جاری رہنے کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 26th, August 2025 GMT
سیالکوٹ:
شہر میں گزشتہ رات شروع ہونے والی بارش نے تباہی مچادی ہے اور اب تک 355 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سیالکوٹ کے مرکزی علاقوں اور گردونواح کے تمام علاقوں میں پانی ہی پانی دیکھائی دے رہا ہے جہاں کوئی بھی ایسی سڑک، چوراہا، بازار،گلی یا محلہ ایسا نہیں جہاں 2 سے 3 فٹ پانی کھڑا نہ ہوا ہو۔
شہر میں معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں اور گلی محلے بازار ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
فلڈ کنٹرول روم سیالکوٹ کے مطابق شہر میں 355 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور بارش کے باعث واپڈا کے بیشتر فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں اور اس کے باعث شہر کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔
https://www.facebook.com/reel/1436353450932511
سیالکوٹ میں سیوریج کے ناقص سسٹم کی وجہ سے بارش اور سیوریج کا پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مون سون کا طاقتورسپیل ، جھل تھل ایک ہوگیا،2 وکلاء کے چیمبر گرگئے
لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونےوالی مون سون کی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔لاہور میں مون سون کا سپیل زور شور سے جاری ہے اورعلی الصبح سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔واسا لاہور کی جانب سے اب تک ہونے والی بارش کا ریکارڈ جاری کردیاگیاہے جس کے مطابق جیل روڈمیں 28.5، ایئرپورٹ میں 263، ہیڈ آفس گلبرگ میں 52، لکشمی چوک میں 25، اپر مال کے علاقے میں 114.4، مغلپورہ میں 129، تاجپورہ میں 155، نشتر ٹاؤن میں 56.4، چوک ناخدا میں 62، پانی والا تالاب میں 27.2، فرخ آباد میں 23.4، گلشن راوی میں 18، اقبال ٹاؤن میں 54.2، سمن آبادمیں 32، جوہر ٹاؤن میں 81، ڈیفنس روڈ میں 45، شادی پورہ میں 132.4 ، سگیاں میں 22.2اور مناواں میں 106 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ائیر پورٹ پر ریکارڈ کی گئی ہے ۔لاہور میں ہونےوالی موسلادھار بارش سےسیشن کورٹ میں سینئر قانون دان پیر مسعود چشتی سمیت2 وکلاء کے چیمبر گرگئے،پیر مسعود چشتی کا چیمبر کافی عرصے سے خالی پڑاتھا،چیمبر کی چھت بارش کے پانی کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اورگرگئی،شدید بارش کی وجہ سے ماتحت عدالتوں میں سائلین نہ پہنچ سکے۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے پولیس کو حادثات اور ناگہانی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں میں شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس افسران اور اہلکار بارش سے متاثرہ علاقوں میں انتہائی مستعد ہو کر ڈیوٹی انجام دیں،سپروائزری پولیس افسران بارش زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں خود مانیٹر کریں، بارش کے مزید امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار الرٹ رہیں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔ملک کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع خیبر کے باڑہ اور جمرود کے علاؤہ وادی تیراہ کے پہاڑوں پر بھی ہونے والی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا لیکن ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے باڑہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے ،جولائی کے مہینے میں دسمبر جیسے سردی محسوس کی جارہی ہے،پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے،ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کی جانب سے حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ ندی نالوں کے قریب جانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر دوافرادکو گرفتار بھی کرلیاگیاہے۔